حمزہ شہباز کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری کا اچانک دورہ ، ادارے کی اپ گریڈیشن کی ہدایت

مری ہسپتال کے انتظامات پر اظہارناراضگی ، مختلف شعبوں میں مریضوں سے تبادلہ خیال ،ہسپتال کیلئے دس ملین روپے جاری

منگل 24 نومبر 2015 22:38

لاہور/مری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین پبلک افیئرز یونٹ پنجاب حمزہ شہبازنے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مری کا اچانک دورہ کیا اور وہاں ایمر جنسی ، آؤٹ ڈور، آپریشن تھیٹر، ڈینٹل یونٹ اور دیگر شعبہ جات میں کام کا جائزہ لیا ،انہوں نے وہاں موجود مریضوں سے بات چیت کی اور انہیں دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

حمزہ شہبازنے مجموعی طور پر تحفظات اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہسپتال کی ہنگامی بنیادوں پر اپ گریڈیشن کی ہدایت کی تاکہ مریضوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے اور انہیں جدید میڈیکل سہولتیں حاصل ہوسکیں۔ حمزہ شہبازنے زلزلے سے متاثرہونے والے ڈینٹل یونٹ کو فوری طور پر شفٹ کرنے کے احکامات جاری کئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایمرجنسی وارڈ اور آپریشن تھیٹر ودیگر شعبوں میں سہولیات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال مری میں صفائی ستھرائی کو بھی بہتر کرنے اور مجموعی طور پرہسپتال کی کارکردگی میں اضافے کی ہدایت کی ۔ حمزہ شہباز نے ڈی سی او راولپنڈی اور اسٹننٹ کمشنر مری کو تحصیل ہسپتال کے معاملات کی فوری طورپر نگرانی کرنے ان میں بہتری لانے کے احکامات جاری کئے جس پر ضلعی انتظامیہ نے ٹی ایچ کیو مری کے لیے فوری طور پر 10ملین روپے جاری کردئیے ہیں جو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کی اپ گریڈیشن کے لیے استعمال کئے جائیں گے ۔

حمزہ شہباز کسی اطلاع اور پروٹوکول کے بغیر تحصیل ہیڈکوارٹر پہنچے اور عام لوگوں میں گھل مل گئے ۔ انہوں نے مریضوں سے خود گفتگو کر کے ان کے مسائل سنے اور ادویات کی فراہمی سمیت دیگر سہولتوں کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کا معیار بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو اپنے فرائض انسانیت اور قومی جذبے کے ساتھ ادا کرنا چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ مری جیسے دورافتادہ علاقوں میں مریضوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ وہ مری کے ہسپتال کے خود نگرانی کریں گے اور آئندہ دورے میں آج دی جانے والی ہدایات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے میں خطیر رقم خرچ کررہی ہے جس کا مریضوں کو فائدہ بھی پہنچنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :