ریونیو واٹر بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تمام شعبوں میں ضروری اصلاحات اور تبدیلیوں کا عمل شروع، محکمہ ریونیو منظور شدہ واٹر کنکشنز کو کنزیومر لسٹ میں لانے سے قبل محکمہ انجینئرنگ سے بھی رپورٹ لینے کا پابند ہو گا تا کہ شفافیت برقرار رہے، بلوں کی درستگی اور تصیح کے اختیارات محدود کر دیئے گئے،ایم ڈی واٹر بورڈ

منگل 24 نومبر 2015 22:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء)محکمہ ریونیو واٹر بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تمام شعبوں میں ضروری اصلاحات اور تبدیلیوں کا عمل شروع، محکمہ ریونیو منظور شدہ واٹر کنکشنز کو کنزیومر لسٹ میں لانے سے قبل محکمہ انجینئرنگ سے بھی رپورٹ لینے کا پابند ہو گا تا کہ شفافیت برقرار رہے، بلوں کی درستگی اور تصیح کے اختیارات محدود کر دیئے گئے ، ادارہ کی بہتری کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا گیا، پانی کے دیئے جانے والے کنکشنز کے سائز کی تصدیق لازمی ہو گی تا کہ کم قطرکی بجائے زیادہ قطر سے پانی حاصل کرنے والوں سے زمینی حقائق کے مطابق بلز وصول کئے جاسکیں پابندی ختم ہونے پر آئندہ کنکشنز کی منظوری ایم ڈی واٹر بورڈ سے لینا لازمی قرار، یہ فیصلے ایم ڈی واٹر بورڈ کی زیرِ صدارت ریونیو اجلاس میں کئے گئے جس میں ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز افتخار احمدخان، ڈی ایم ڈی ریونیو محمد اسلم خان، چیف انجینئر ظفر علی پلیجو، ڈائریکٹرز شکیل احمد قریشی ،اعظم خان اور محسن قائمخانی نے بھی اجلا س میں شرکت کی، ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے کہا کہ واٹر بورڈ کے وسیع و عریض سسٹم کو چلانے کیلئے فنڈ کی ضرورت ہے لیکن محکمہ ریونیو کسی بھی کیٹیگری میں قابلِ ذکر وصولی کرنے سے قاصر رہا ہے، بے شمار کیٹیگریز کو ابھی تک ٹیکس نیٹ ورک میں لانے کیلئے سنجیدہ کوششیں نہیں کی گئیں، ریکوری کا تناسب انتہائی کم ہے دیکھا گیا ہے کہ جہاں میٹرز لگائے گئے وہاں سے ریکوری کم ہو گئی میٹرز میں ٹیمپرنگ و ہیر پھیر ناقابلِ برداشت ہو گی ، افسران اور اسٹاف ادارہ کا مفاد پیشِ نظر رکھیں ، انہوں نے حیرت ظاہر کی کہ کنکشنز کی منظوری کے بعد بھی کئی ماہ تک کنزیومر نمبرز جاری نہیں کئے جاتے جس کی وجہ سے ریونیو میں اضافہ کے بجائے کمی ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہائی رائز عمارتوں کی بلنگ بھی حقائق کے مطابق نہیں کی جا رہی ہے 70% فیصد منظور شدہ کنکشن کی بلنگ نہیں ہو سکی، اسی طرح تجارتی و صنعتی ، بھینس باڑوں اور دوسری کیٹیگریز کے کنکشنز میں بھی بہت بے قاعدگی ہے، جبکہ سب سے زیادہ پانی باڑے استعمال کرتے ہیں لیکن ریکوری عام صارفین سے بھی کم ہے ، کروڑوں روپے بلوں کی درستگی کی تفصیلات فراہم کی جائیں کہ کن وجوہات اور قانون کے تحت کتنی رقوم منہا کی گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں اہم اداروں، صنعتوں، کثیر المنزلہ عمارات، شادی ہالز، باڑوں سمیت تمام کیٹیگریز کے ٹیکس نیٹ ورک میں اضافہ اور وصولی کی شرح مایوس کن ہے، جہاں بلک کنکشنز ہیں ان کو ریٹیل کنکشن نہ دیئے جائیں، عام طور پر عملہ صارفین کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے کیٹیگری کو تبدیل کر دیتا ہے ، انہوں نے تاکید کی کہ ہر کنکشنز لگانے کی اطلاع ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز محکمہ ریونیو کو فوری بھیجوائیں تا کہ اس کی مناسبت سے بلنگ ہو ، کنکشن لگانے کے بعد بلا تاخیر بلنگ کی جائے کیونکہ غیر ضروری تاخیر کرپشن کے ذمرہ میں آتی ہے ڈی ایم ڈی ریونیو نہ صرف محکمہ انجینئرنگ بلکہ ریونیو ڈائریکٹرز سے ان ہاؤس میٹنگ معمولات میں شامل کریں تا کہ مشترکہ لائحہ عمل کے تحت حکمتِ عملی بنے اس پر عمل بھی ہو ، افسران اپنے ماتحت اسٹاف کو ساتھ ملائیں، احساس ذمہ داری پیداکرنے کے لئے سختی اختیار کی جائے، کام نہ کرنے والوں یا شکایات کی صورت میں کسی بھی افسر یا ماتحت کا تبادلہ کریں، بلا خوف ایک نئے ولولے کے ساتھ کام کریں اس تاثر کو زائل کریں کہ ریونیو ڈپارٹمنٹ غیر قانونی کنکشن اور ریونیو میں کمی کا ذمہ دار ہے ، اجلاس میں کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے ہفتہ وار اجلاس ہوں گے۔