خاندانی اجارہ داری نے جمہوری اقدار کا جنازہ نکال دیا ،اقتدار پرتسلط قائم رکھنے کیلئے آئین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،جمیل ملک

منگل 24 نومبر 2015 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ خاندانی اجارہ داری نے جمہوری اقدار کا جنازہ نکال دیا ہے اوراقتدار پرتسلط قائم رکھنے کیلئے آئین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،منگل کو ایک بیان میں انہوں نے کہا پہلے اور دوسرے مرحلہ کے بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں کے مابین پیسے کا مقابلہ تھا جس نے زیادہ پیسہ خرچ کیا وہ جیت گیا،انتظامی مشینری نے حکمرانوں کی لونڈی بن کر مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو کامیاب کروایا، کیا الیکشن کمیشن نے اس ساری صورتحال سے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں؟حکمران خاندانوں کی چیرہ دستیوں سے جمہوریت آج خون کے آنسو رو رہی ہے،،ملک میں آج ہر طرف ظلم ،زیادتی اور ناانصافی کا بازار گرم ہے،ڈاکو ،چور اور لٹیرے ذاتی مفادات کیلئے ایک دوسرے کوسہارا دے رہے ہیں،عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں ،غریب طبقات دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں،تعلیم کو کمرشلائز کردیا گیا، لوگوں کو صحت کی سہولیات تک میسر نہیں،زراعت کا شعبہ بدترین بحرا ن کا شکار ہے اور حکومت کی کسان دشمن پالیسیوں سے کاشتکار معاشی بدحالی سے دوچار ہیں۔