نئے رولز اور ریگولیشن جدید دور کے تقاضوں اور مقامی ضروریات کے مطابق تیار کئے گئے ہیں، ان کے نفاذ سے کیپیٹل مارکیٹ کو استحکام اور فروغ حاصل ہو گا،ایس ای سی پی کی جانب سے نئے مجوزہ بروکرز ریگولیشن پر برولرز کے لئے بریفنگ

منگل 24 نومبر 2015 21:45

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء ) سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے مجوزہ بروکرز ریگولیشن2015 کے بارے شراکت داروں سے مشاورت اور نئے ریگولیشن میں تجویز کی گئی شرائط و ضوابط سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لئے بریفنگ سیشن کا انعقاد کیا۔ بریفنگ سیشن میں اسلام آباد اسٹاک ایکس چینج اور لاہور اسٹاک ایکسچینج کے بروکرز نے شرکت کی۔

ایس ای سی پی کے کمشنر عاکف سعید نے کہا سیکورٹیز مارکیٹ کے نئے قانون کے تحت بننے والے رولز اور ریگولیشن جدید دور کے تقاضوں اور مقامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کئے گئے ہیں اور ان کے نفاذ سے کیپیٹل مارکیٹ کو استحکام اور فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے ریگولیشن میں مارکیٹ کا دائرہ کار اور بروکرز کا نیٹ ورک بڑھانے، جیسے کہ کیپیٹل مارکیٹ کے مراکز کا قیام اور مارکیٹ پر سرمایہ کاروں کا اعتماد مستحکم کرنے کے لئے خصوصی شقیں شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ابیٹ آباد میں کیپیٹل مارکیٹ کا مرکز قائم کر دیا گیا ہے اور دیگر شہروں میں کیپیٹل مارکیٹ کے مراکز قائم کرنے کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ عاکف سعید نے کہا کہ اصلاحات سے مارکیٹ کی ساکھ بہتر ہو گی اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا۔ بریفنگ سیشن کے دوران بروکرز کے نامئندوں نے ایس ای سی پی کی جانب سے اسٹاک مارکیٹ میں کی جانے والی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔

بروکرز ریگولیشن کے مسودہ کو عوامی اور شراکت داروں کے آراء اور مشاورت کے لئے سرکاری گزٹ میں شائع کر دیا گیا ہے اور دیگر شراکت داروں جیسے کہ سٹیٹ بینک، سٹاک ایکسچینجز، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی اور آئی کیپ کو بھی ارسال کرنے کے علاوہ ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔ مشاورت اور آراء کے لئے پندرہ دن کا وقت دیا گیا ہے جو کہ دسمبر کی سات تاریخ کو مکمل ہو گا، جس کے بعد موصول ہونے والی آراء اور تجاویز کی روشنی میں بروکرز ریگولیشن کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :