پاکستان میں ہائیڈروکاربن کے شعبے میں سر مایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ،ا ن سے کویتی کمپنیاں مستفید ہوسکتی ہیں، پاکستان اور کویت مذہب ،اخوت اور تاریخ کے لا زوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں

سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کی کویتی آئل کمپنی کفپیک کے سی ای او شیخ سے ملا قات میں گفتگو

منگل 24 نومبر 2015 21:43

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی، صنعت ، تیل، معدنیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقعے موجود ہیں جن سے کویتی سر مایہ کار مستفید ہوسکتے ہیں ۔ وہ منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں کویتی آئل کمپنی کفپیک کے چیف ایگزیٹو شیخ نائف سعود ناصر الصباء سے ملا قات میں گفتگو کررہے تھے ۔

سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور کویت مذہب ،اخوت اور تاریخ کے لا زوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں برادر اسلا می ممالک اہم عالمی اور علا قائی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اقتصادی رابطوں کو فروغ دے کر انہیں مزید وسعت دینا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہتر اقتصادی پالیسیوں سے ملکی معشیت تیزی سے تر قی کر رہی ہے اور حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور سر مایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہائیڈروکاربن کے وسیع ذخائر موجودہیں جن سے کویت کی تیل کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیاں مستفید ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے دونوں برادر اسلا می ممالک کے مابین اقتصادی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کویتی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ۔سپیکر نے دونوں ممالک کے مابین ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پارلیمانی اور عوامی وفود کے لیے تبادلوں کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

شیخ نائف سعود ناصر الصباء چیف ایگز یکٹیو کفپیک نے سپیکر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دوبار ہ سپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ۔انہوں نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں تیل کی تلا ش کے شعبے میں سر مایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں ۔ انہوں نے سپیکر کو اپنی آئل کمپنی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی کمپنی میں بڑی تعداد میں پاکستانی کام کررہے ہیں جو بڑی محنت اور جان فشانی سے خدمات سر انجام دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کویت پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قد ر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے ۔انہوں نے باہمی تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں مما لک کی تاجر برادری اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا ۔