آصف زرداری کے کوٹیکنا او ر ایس جی ایس ریفرنسز باعزت بری ہونے کا فیصلہ ، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کااظہارمسرت ، کارکنان کی ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلا کر اخلاقی اور قانونی فتح پر ایک دوسرے کو مبارکبادیں

منگل 24 نومبر 2015 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کے باعزت بری ہونے کا فیصلہ سن کر پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ضلع اسلام آباد کی طرف سے خوشی اور مسرت کا اظہار کیا گیا اور خواتین نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلا کر اخلاقی اور قانونی فتح پر ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیں۔

پیپلز پارٹی شعبہ خواتین ضلع اسلام آباد کی صدر اور سابق رکن صوبائی اسمبلی نرگس فیض ملک کے دفتر میں خواتین کا بڑا اجتماع ہوا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نرگس فیض ملک نے کہا کہ 17سال بعد جھوٹ بے نقاب ہوا ہے۔ ہمارے شریک چیئرمین آصف علی زرداری آج جس ریفرنس میں باعزت بری ہوئے ہیں اس جھوٹے، بے بنیاد اور منگھڑت ریفرنس کے ذریعے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی کردار کشی کی گئی، انہیں سیاست بے دخل کرنے کی سازش کی گئی اور محترمہ شہید کو جلاوطن رہنے پر مجبور کیا گیا۔

(جاری ہے)

نرگس فیض ملک نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آج بھی ناقابلِ شکست طاقت ہے۔ الزام تراشی کرنے کی سیاست کرنے والے عناصر کے لئے یہ سبق ہے کہ جھوٹے پروپیگنڈا کرنے والے آخر کار شرمندہ اور شرمسار ہوتے ہیں۔ اس موقع پر خواتین نے جئے بھٹو سدا جئے، زندہ ہے بی بی زندہ ہے اور آصف علی زرداری کے حق میں فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے پارٹی کے عہدیداروں، کارکنوں اور ہمدردوں کو مبارکباد دی۔