ملیر 15 پر زیر تعمیر فلائی اوور علاقہ مکینوں کے لئے عذاب بن گیا ہے، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام اور ٹھیکیدار نے اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں 2 سال سے زائد کا عرصہ لگا دیا ہے‘ سٹیزن لیگل ایڈ کمپلین سیل کے رہنماؤں کا بیان

منگل 24 نومبر 2015 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) سٹیزن لیگل ایڈ کمپلین سیل کے رہنماؤں فہیم صدیقی ایڈووکیٹ، راحت بیگ ایڈووکیٹ، محمد اعظم علی ایڈووکیٹ سمیت ضلعی کمیٹی ملیر کے رہنماؤں محمد وقاص اور ندیم احمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملیر 15 پر زیر تعمیر فلائی اوور علاقہ مکینوں کے لئے عذاب بن گیا ہے، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام اور ٹھیکیدار نے اس پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں 2 سال سے زائد کا عرصہ لگا دیا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات سندھ اور کمشنر کراچی متعدد بار اس منصوبے کو جلد مکمل کرنے کا حکم دے چکے ہیں، لیکن لگتا ہے کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ٹھیکیدار کسی کو جواب دے نہیں ہیں۔

فلائی اوور کی تعمیر کے دوران ٹھیکیدار نے بلدیاتی اور ماحولیاتی قوانین کی دھجیاں اڑا دیں ہیں، دھول اور مٹی کے باعث علاقہ مکین سانس و دمہ اور دیگر مہلک بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں، نیشنل ہائی وے لنک روڈ بند ہونے کی وجہ سے دن اور رات کے اوقات میں کورنگی انڈسٹریل ایریا، لانڈھی ایکسپورٹ زون اور پورٹ قاسم سے ہیوی ٹرک، ٹرالرز اور آئل و واٹر ٹینکرز بھی اسی علاقے سے گزررہے ہیں، جس کی وجہ سے ٹوٹے پھوٹے روڈ مزید تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں، ٹریفک پولیس اہلکار صرف کمرشل گاڑیوں اور کار و موٹر سائیکل سواروں سے رشوت خوری میں مصروف دیکھائی دیتے ہیں، جبکہ شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ کمرشیل گاڑیوں کے باعث لمبی لمبی لائینیں لگنا معمول بن گیا ہے، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ، ٹریفک پولیس اور محکمہ ماحولیات سندھ کی جانب سے شہریوں کو زحمت سے بچانے کے لئے کسی قسم کے انتظامات نہیں کیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

فہیم صدیقی ایڈووکیٹ نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی، ایڈمنسٹریٹر کراچی میونسپل کارپوریشن، ڈی آئی جی ٹریفک، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ملیر اور ڈائریکٹر جنرل انٹی انکروچمنٹ سیل سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر ماحولیاتی قوانین اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، ملیر 15 پر زیر تعمیر فلائی اوور کے ٹھیکیدار کو کنٹریکٹ کے مطابق مقررہ معیاد پر تعمیرات مکمل نہ کرنے پر سخت کارروائی کی جائے اور اسے ہدایت دی جائے کہ وہ فوری طورپر ملیر سٹی فلائی اوور کو فوری طورپر مکمل کرے۔

متعلقہ عنوان :