بلدیاتی انتخابات سنہری موقع ہے‘عوام مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیں، مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر

منگل 24 نومبر 2015 21:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ کراچی کے امن اور ترقی کے ساتھ محبت کرنے والے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو بلدیاتی اداروں تک پہنچائیں گے، پاکستان کے معاشی انجن کو کامیابی کے ساتھ چلانے کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مخلص اور محب وطن بلدیاتی امیدواروں کی کامیابی ہی شہر کی معاشی ترقی کی ضمانت بنے گی۔

وہ منگل کو انتخابی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار میدان میں عمل میں نکلے ہیں․ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو جرائم اور خونریزی سے بچانے کے لئے عوام پاکستان مسلم لیگ(ن) کا ساتھ دیں․ بلدیاتی انتخابات کے آزاد امیدواروں کی پاکستان ن مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے حق میں دستبرداری کراچی سے محبت کا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کراچی کے باشعور عوام کے لئے سنہرا موقع ہے کہ اس شہر کو دوبارہ سے پاکستان کا دل بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی حمائت کرنے والے دراصل کراچی کے مستقل امن اور خوشحالی کی حمائت کر رہے ہیں․ گولڈن ٹاؤن ضلع کورنگی میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چوہدری اسد کی انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماع سے پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے رہنما و کراچی ضلع کورنگی کے صدر علی عاشق گجر کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل نمبر 13 چوہدری اسد، طاہر ہنجرا، اظہر شاہ، مظہر چوہدری نے بھی خطاب کیا․ مسلم لیگ(ن) ضلع کورنگی کے صدر علی عاشق گجر نے چیئرمین کے آزاد امیدوار بابا فضل کی طرف سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چوہدری اسد کے حق میں دستبرداری کے فیصلے کو حقیقی پاکستانی کا فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے ساتھ محبت رکھنے والا ہر شہری چاہتا ہے کہ کراچی کی بلدیاتی قیادت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندے کریں تاکہ اس شہر کو لسانی، مذہبی اور گروہی عصبیتوں سے نجات دلا کر قائد اعظم کا شہر بنایا جا سکے․ یونین کونسل نمبر13 کی چیئرمین شپ کیلئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چوہدری اسد نے با با فضل کی کراچی کے امن کے ساتھ محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا وہ عوام کے بھرپور اعتماد کے ساتھ کامیابی کے بعد حلقے کے ہر شہری کی بھرپور خدمت کر کے اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔