اسپین کوپاکستان کی انرجی کی ضروریات کا احساس ہے، سفیرمسٹر کارلوس موریلز

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پربات چیت

منگل 24 نومبر 2015 21:13

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء)اسپین کے سفیرمسٹر کارلوس موریلزنے کہا ہے کہ اسپین کوپاکستان کی انرجی کی ضروریات کا احساس ہے اور اس ضمن میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو تیار ہے، متبادل توانائی کے ذریعوں کے منصوبوں خاص طور پر ونڈ انرجی میں پاکستان اسپین کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر صدر چیمبر میاں ہمایوں پرویز سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر ثاقب رفیق ، نائب صدر عاقل عبید، سابق صدر سید علی رضا سعید شاہ ،سابق سینئر نائب صدر راجہ عامر ، ممبر ایگزیکٹو کمیٹی منزہ رحیم اور چیئرپرسن ویمن انٹرپرینورز مہوش آفریدی اور دیگر ارکان چیمبر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

معزز سفیر نے کہا کہ سیاحت ایک صنعت کی حیثیت اختیار کر گئی ہے ، اسپین جی ڈی پی کا گیارہ فی صد سیاحت سے حاصل کرتا ہے پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ سیاحت کو فروغ دے تا کہ کثیر زرمبادلہ حاصل کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اسپین کی بزنس کمیونٹی کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں اور سپین ایگرو، انجینیئرنگ ، ٹیکسٹائل ، قیمتی پتھر، زیورات، چمڑا اور ماربل کے شعبوں میں سرمایاکاری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ گزشتہ سال پاکستان اور اسپین کے درمیان تجارتی حجم ایک ارب ڈالر تھا جس میں اس سال اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسپین دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی میعشیت میں سے ایک ہے اور دنیا کے ملکوں میں سرمایا کاری کے حوالے سے اس کا نمبر 11 ہے ۔

قبل ازیں چیمبرآ مد پر صدر آرسی سی آئی میاں ہمایوں پرویز نے سفیر کا خیر مقدم کیااور کہا کہ جمز اینڈ جیولری پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ہوئی صنعت ہے سپین سٹونز کی فنشنگ اور کٹنگ کی ٹیکناوجی شیئر کرے تا کہ پاکستان اس صنعت میں ترقی کرسکے۔صدر چیمبر نے برآمدات کے فروغ کیلئے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے درمیان براہ راست روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ اس موقع پر سفیر کو چیمبر کی سرگرمیوں اور آئندہ کے پروگروموں کے حوالے سے ایک مختصر پریزنٹیشن بھی دکھائی گئی۔اسپین کے سفیر نے چیمبر کے صدر اور ممبران کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلوں اور ایکسپو نمائشوں کے ذریعے کاروبار کے فروغ میں چیمبر کی کوششوں اور اقدامات کو سراہا۔