وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہر ی پور اور ایبٹ آباد کے اضلاع کیلئے چھ نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی

حویلیاں سے دھمتوڑ تک بائی پاس روڈ کی تعمیر اور ہری پور میں جدید انجینئرنگ کالج کا قیام بھی شامل ہے،ہریپور یونیورسٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بھی شروع کیا جائیگا،پرویز خٹک

منگل 24 نومبر 2015 21:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ہر ی پور اور ایبٹ آباد کے اضلاع کیلئے چھ نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جن میں حویلیاں سے دھمتوڑ تک بائی پاس روڈ کی تعمیر اور ہری پور میں جدید انجینئرنگ کالج کا قیام بھی شامل ہے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہری پور یونیورسٹی کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا ان منصوبوں کی منظوری اُنہوں نے منگل کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں دونوں اضلاع کے نئے ترقیاتی منصوبوں پر غور کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی اجلاس میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی، پی ٹی آئی کے رہنما یوسف ایوب خان، سابق رکن صوبائی اسمبلی نثار صفدر خان، وزیراعلیٰ کے سپیشل سیکرٹری ارشد مجید مہمند اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں عوامی نمائندوں کی تجاویز پر نئی سکیموں پر تفصیلی غور کے بعد وزیراعلیٰ نے چھ منصوبوں کی منظوری دے دی جن میں ہری پور میں جدید سہولتوں سے آراستہ انجینئرنگ کالج و انفارمیشن ٹیکنالوجی ٹریننگ سنٹرکا قیام اور ہری پور شہر میں ایک اضافی سپورٹس گراؤنڈ تعمیر کرنے کے منصوبے شامل ہیں جبکہ ایبٹ آباد میں حویلیاں سے دھمتوڑ تک بائی پاس روڈ کی تعمیر، جھنگڑا ڈیم حویلیاں کے زیر تعمیر منصوبے کے تحت ایک لنک روڈ کی تعمیر اور حویلیاں کیلئے زرعی اراضی کو کٹاؤ سے بچانے کے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی ایوب پل حویلیاں سے دھمتوڑ ایبٹ آباد تک تقریبا ً ایک ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے 18 کلومیٹر بائی پاس روڈ سے نتھیاگلی اور مری جانے والی ٹریفک کو سہولت ملے گی اور اس ٹریفک کو گنجان آباد ایبٹ آباد شہر سے گزرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہری پور کیلئے منظورکردہ انجینئرنگ کالج کو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور سے ملحق کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران ضلع ہری پور کیلئے پہلے سے منظور شدہ 33 سپورٹس گراؤنڈزکی تعمیر کیلئے ساڑھے سترہ کروڑ روپے جاری کرنے کی بھی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ یونیورسٹی آف ہری پور کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا جس کیلئے ایک غیر ملکی کنسورشیم فنی اور مالی تعاون فراہم کرے گاوزیراعلیٰ یوسف ایوب خان کی جانب سے ہری پور کے دورے کی دعوت بھی قبول کر لی اس دورے میں وزیراعلیٰ ہری پور میں متعدد مکمل شدہ منصوبوں کے افتتاح کے علاوہ ہری پور بائی پاس سمیت بعض نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔