وومن پالیسی پر عملدرآمد کیلئے کمیشن کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا،پرویزخٹک

خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے متعلقہ قوانین پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا،وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 24 نومبر 2015 21:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) خواتین کی حیثیت کے بارے میں صوبائی کمیشن کو مزید مضبوط بنانے کیلئے صوبے کے باقی 13اضلاع میں بھی ضلعی خواتین کمیشن قائم کئے جائیں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے متعلقہ قوانین پر ان کی روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ یہ ہدایات وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں صوبائی کمیشن برائے حیثیت خواتین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے جاری کیں۔

وفد نے کمیشن کی سربراہ نیلم طورو کی قیادت میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی ڈاکٹر مہر تاج روغانی، ایم پی اے معراج ہمایون خان اور کمیشن کی بعض دیگر اراکین بھی شامل تھیں۔ وزیراعلیٰ نے کمیشن کی چیئرپرسن اور اراکین کو یقین دلایا کہ موجودہ صوبائی حکومت کی وومن پالیسی پر عملدرآمد کیلئے کمیشن کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ کمیشن کے ایجنڈا پر عملدرآمد کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں۔ انہوں نے خواتین کو ہر قسم کے تشدد سے محفوظ رکھنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے خیبر پختونخوا حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کے ایک افسر کو بھی متعین کیا جو کمیشن کو مزید فعال بنانے کیلئے مختلف محکموں سے متعلق امور میں رکاوٹیں دور کرکے اس بارے میں پیش رفت سے وزیراعلیٰ کو روزانہ کی بنیا د پر رپورٹ پیش کرے گا۔

اجلاس کے دوران کمیشن کی خود مختاری اور خواتین پر گھریلو تشدد اور ان کے کام کے مقامات پر انہیں ہراساں کرنے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے اور وزیراعلیٰ نے کمیشن کو ہدایت کی کہ وہ اس بارے میں بل کا مسودہ صوبائی کابینہ کے غور کیلئے جلد پیش کرے۔

متعلقہ عنوان :