ہائیکورٹ نے کالعدم تنظیم کے پانچ مبینہ کارکنوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں

منگل 24 نومبر 2015 21:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم تنظیم کے پانچ مبینہ کارکنوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شہزاد احمد، نفیس سمیت پانچ کارکنوں کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ غالب مارکیٹ پولیس نے ملزموں کیخلاف ریاست اور فوج کیخلاف نفرت انگیز مواد کی تقسیم کے بے بنیاد مقدمات درج کئے ہیں، پولیس کے پاس ملزموں کیخلاف ایک بھی عینی شاہد نہیں ہے لہٰذا ان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کی جائیں۔

ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل خرم خان نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے ملزموں کو نفرت انگیز مواد تقیسم کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے مواد بھی برآمد ہوا، تفتیش میں ملزم گنہگار قرار دیئے گئے ہیں، پولیس کے مطابق پانچوں ملزموں کا تعلق کالعدم تنٹیم حزب التحریر سے ہے۔ فاضل بنچ نے دونوں طرف سے دلائل سننے کے بعد کالعدم تنظیم کے پانچ مبینہ کارکنوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔