سپریم کورٹ نے چیئرمین ریلوے پروین آغا کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹاڈی

بظاہر کوئی توہین عدالت نہیں ہوئی ، دو رکنی بینچ کی درخواست گزار کو ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت

منگل 24 نومبر 2015 21:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے چیئرمین ریلوے پروین آغا کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے ریٹائرڈ سکول ٹیچر کو ترقی کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ گزشتہ ورز سپریم کورٹ رجسٹری برانچ لاہور میں جسٹس اعجاز احمد چوہدری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ انہیں گریڈ سولہ سے سترہ میں ترقی نہیں دی جا رہی، ہائیکورٹ نے محکمے کو درخواست گزار کی ترقی کی عرضداشت پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا ، محکمے نے عرضداشت پر فیصلہ کرتے ہوئے درخواست گزار کو سنیارٹی لسٹ سے ہی باہر نکال دیا جو سپریم کورٹ کے فل بنچ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے لہٰذا چیئرمین ریلوے کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔

ابتدائی سماعت کے بعد فاضل بنچ نے قرار دیا کہ بظاہر کوئی توہین عدالت نہیں ہوئی۔عدالت نے درخواست گزارکو عرضداشت پر فیصلہ دوبارہ سے ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔