اسلام آباد ٗ بلدیاتی انتخابات میں 62 پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنیکا فیصلہ

پر امن اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،چیف الیکشن کمشنر کااجلاس سے خطاب

منگل 24 نومبر 2015 20:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن نے 62 عمارتوں میں حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی دار الحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ اسلام آباد کی 62 عمارتوں میں حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات ہو گی، آئی جی پولیس کے سکیورٹی پلان کے مطابق ہر پولنگ اسٹیشن پر رینجرز تعینات ہو گی ٗجمعرات کے بعد کسی پولنگ اسٹیشن پر شکایات سے متعلق تبدیلی نہیں لائی جائیگی۔

تمام آر اوز تمام 640 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ صبح 7 بجے شروع ہونے کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں آر اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ پریذائیڈنگ افسران کو بیلٹ پیپرز کی فراہمی کے وقت ان کو چیک کریں تاکہ کسی غلطی کا احتمال نہ ہو، چیف الیکشن کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پر امن اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ڈی آر او اسلام آباد نے حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کی ہے، سرکاری ملازمین کو سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے دباؤ میں نہیں آنا چاہئے۔

آئی جی اسلام آباد نے کمیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں 7752 پولیس اہلکار فرائض سر انجام دینگے، اسلام آباد میں پنجاب پولیس اور آزاد کشمیر کے پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی سر انجام دینگے۔