صوبائی حکومت کو دیہی عوام کے مسائل کا بخوبی علم ہے،وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی محب اﷲ

منگل 24 نومبر 2015 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء ) وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک اور امدادباہمی محب اﷲنے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو دیہی عوام کے مسائل کا بخوبی علم ہے اور ان کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی کے 83-سوات کے علاقہ شور ناؤنہ میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداران اورمعززین علاقہ بھی موجود تھے۔ جبکہ متعدد سیاسی جماعتوں کے ورکروں نے اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ محب اﷲ خان نے کہا کہ دیہی علاقوں کے عوام کو ابھی تک پانی، تعلیم،صحت اور بجلی جیسی بنیادی ضرورتوں سے محروم رکھا گیا ہے لیکن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے سیاسی تفریق سے ہٹ کر بلاامتیاز تمام علاقوں کی برابر ترقی پر توجہ دی ہے کیونکہ یہ عوام کا بنیادی حق ہے اور تحریک انصاف عوام کو ان کے حقوق دلانے اور معاشرے میں انصاف و عدل کے قیام کیلئے میدان سیاست میں آئی ہے اور ان مقاصد کو پایہ تکمیل تک پہنچاکر دم لے گی۔

(جاری ہے)

محب اﷲ خان نے اس موقع پر علاقے میں آبنوشی سکیم کیلئے 60لاکھ روپے فراہم کرنے اور بچیوں کی تعلیم کیلئے گرلز پرائمری سکول کے قیام کے بھی اعلانات کئے۔

متعلقہ عنوان :