Live Updates

پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ماضی کی حکومتوں کی طرح سیاسی بنیادوں پر سرکاری سکول نہیں بنائے گی ، بلا تفریق علاقے کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھ کر خالصتاًمیرٹ پر سکول تعمیر کیے جائیں گئے

صوبائی وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان کا اجلاس سے خطاب

منگل 24 نومبر 2015 20:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء ) خیبر پختونخواکے وزیر تعلیم اور توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ماضی کی حکومتوں کی طرح سیاسی بنیادوں پر سرکاری سکول نہیں بنائے گی بلکہ بلا تفریق علاقے کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھ کر خالصتاًمیرٹ پر سکول تعمیر کریگی۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم کو صوبہ بھر میں گھوسٹ سکولوں کے خلاف کلین اپ آپریشن کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے دن پشاور میں ضلع چارسدہ کی تعلیمی ضروریات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ صوبائی وزیر معدنیات محترمہ انیسہ زیب طاہر خیلی، وزیر اعلی کے معاون خصوصی ارشد عمرزئی ،اراکین صوبائی اسمبلی خالد خان، بیرسٹر سلطان خان اور بخت بیدار،سپیشل سیکرٹری تعلیم عاطف الرحمن ،ایڈیشنل سیکرٹری قیصر عالم اور ای ڈی اوز میل و فیمیل چارسدہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چارسدہ کی تعلیمی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور ضلع میں تعلیم کی بہتری کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔وزیر تعلیم نے کہاکہ پارٹی قائد عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے ہر بچے کے ہاتھ میں قلم دینا ہمارامشن ہے اور اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک یہ مشن پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا پاتے۔انہوں نے کہا کہ بچے ہمار ا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہیں اس لئے سرکاری پیسہ سب سے پہلے بچوں کی تعلیم پر ہی خر چ کرینگے۔

عاطف خان نے کہا کہ جو قومیں پیسہ اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کرتی ہیں دنیا کی کوئی طاقت انہیں مٹا نہیں سکتی۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانا صرف تعلیم ہی سے ممکن ہے اس لئے صوبائی حکومت معیاری تعلیم عام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ہم نے تبدیلی کے اس سفرکو تیز تر کرنا ہے تاکہ عالمی برادری میں باوقار مقام حاصل کریں اور مفلوک الحال لوگوں کی حالت بھی سدھر سکے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات