ڈی سی او لاہور کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پرجلوس کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس

ٹی ایم ایز چہلم کے جلوس کے روٹ سے تجاوزات کو ختم کروائیں اور پیچ ورک کے کام کو جلد مکمل کریں‘ کیپٹن(ر)محمد عثمان

منگل 24 نومبر 2015 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء ) ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کی زیر صدارت چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوس کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ٹاؤن ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں شیعہ رہنماؤں توقیر بابا،آغا شاہ حسین قزلباش،لال شاہ، مشتاق جعفری، علی رضا اور دیگر نے شرکت کی جبکہ ضلعی انتظامیہ ،ریسکیو1122،سول ڈیفنس، پولیس ، ایل ڈبلیو ایم سی، واسا اور دیگر محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر شیعہ رہنماؤں نے جلوس کے حوالے سے درکار انتظامات کے حوالے سے ڈی سی او لاہور کو آگاہ کیا جس پر ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کریں گی اور ضلعی انتظامیہ دسویں محرم الحرام پر کیے جانے والے انتظامات کی طرح چہلم کے جلوس کے ا نتظامات کریں گی۔

(جاری ہے)

ڈی سی ا ولاہور نے لیسکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ چہلم کے جلوس کے روٹ پر لٹکتی تاروں کو فوری ہٹائیں اور واسا حکام پانی کی دستیابی کے لیے انتظامات کریں اور ایل ڈبلیو ایم سی حکام صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں۔ڈی سی او لاہور نے ٹی ایم ایز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ چہلم کے جلوس کے روٹ سے تجاوزات کو ختم کروائیں اور پیچ ورک کے کام کو جلد مکمل کریں۔

کیپٹن(ر)محمد عثمان نے ٹا ؤن ایڈمنسٹریٹرز کو ہدایت کی کہ شہر میں لگے سیاسی بینرز اور فلیکسز کو فوری طور پر ہٹائیں۔انہوں نے شیعہ رہنماؤں کو یقین دہانی کروائی کہ چہلم کے جلوس کے روٹ پر لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی اور اگر کسی صورت میں لوڈ شیڈنگ ہو تی ہے تو اس کے لیے ضلعی انتظامیہ چہلم کے جلوس کے روٹ پر متبادل کے طور پر جنریٹرزلگائے گی۔

ڈی سی او لاہور نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر ٹریفک پلان مرتب کر ے گی اور جلوس کے داخلی راستوں پر واک تھروگیٹس نصب کرے گی۔اس موقع پر شیعہ رہنماؤں نے اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ جس طرح ضلعی انتظامیہ لاہور نے دسویں محرم الحرام کے موقع پر تمام تر انتظامات کیے تھے اسی طرح ضلعی انتظامیہ دوسرے محکموں کے ساتھ ملکر چہلم کے جلوس کے بھی بہترین ا نتظامات کرے گی۔ اس موقع پر ڈی سی اولاہور نے سکیورٹی کے حوالے سے بتایا کہ چہلم کے جلوس کے دن پولیس اہلکاروں کے ساتھ سو ل ڈیفنس کے رضا کا راور شیعہ حیدری اسکاؤٹس اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :