تھیم پارک کے لیے مطلوبہ 320 تا 350 ایکڑ زمین چینی کمپنی خود خریدے گی ‘عبداﷲ خان سنبل

حکومت پنجاب صرف سہولت کیلئے چینی کمپنی کی معاونت کریگی تھیم پارک پر ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوگی‘کمشنر لاہور ڈویژن

منگل 24 نومبر 2015 19:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے عالمی سیمینار برائے کاروباری مواقع کے ثمرات کے نتیجے میں چینی کمپنی گولڈن بین لاہور اور شیخوپورہ کے سنگم پر عالمی نوعیت و معیار کے مطابق ڈرنی لینڈ کی طرح کا تھیم پارک بنائے گی- انہوں نے کہا کہ تھیم پارک کے لیے مطلوبہ 320 تا 350 ایکڑ زمین چینی کمپنی خود خریدے گی اور تھیم پارک پر سارا خرچہ بھی چینی کمپنی ہی کرے گی- زمین کی خریداری اور تھیم پارک پر سارا خرچہ چینی کمپنی کرے گی- انہوں نے کہا کہ تھیم پارک پر 32 ارب روپے لاگت آئے گی- کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ لاہور اور شیخوپورہ کے سنگم پر تھیم پارک بنانے کا فیصلہ چینی کمپنی نے کیا ہے کیونکہ دریائے راوی، موٹروے اور نزدیکی تین ایئرپورٹس بھی اس حوالے سے ان کے لیے اہمیت کے حامل ہیں- انہوں نے کہا کہ گولڈن بین کمپنی نامور چینی گروپ ہے جس کے پاس چین میں تھیم پارک بنانے کا وسیع تجربہ موجود ہے- انہوں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صرف سہولت کے لیے چینی کمپنی کی معاونت کرے گی کیونکہ حکومت پنجاب کی تھیم پارک پر ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوگی- حکومت پنجاب بجلی کی فراہمی کے لیے خصوصی فیڈر سے سپلائی وغیرہ فراہم کرے گی جوکہ دو میگاواٹ تک ہو سکتی ہے- انہوں نے کہا کہ تھیم پارک میں فائیو سٹار ہوٹل، کاروباری مرکز، خریداری مرکز، واٹر ایکوریم، سٹیٹ آف آرٹ رائیڈز، رولر کوسٹر جیسے تفریحی مراکز ہوں گے-

متعلقہ عنوان :