نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کا 29 واں اجلاس ، منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا

اجلاس میں سرنگوں کو باہم منسلک کرنے کے اہم موقع پر تقریب کے انعقاد کا فیصلہ ، وفاقی اور آزاد کشمیر کابینہ کے متعلقہ وزراء کو مدعو کیا جائیگا

منگل 24 نومبر 2015 19:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 29 واں اجلاس واپڈا ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالج اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔ اجلاس کے دوران منصوبے پر مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ پراجیکٹ کے اہم حصوں کی تکمیل کے لئے معینہ مدت کے امور بھی زیر بحث لائے گئے ، جبکہ دریائے جہلم کے نیچے سے گزرنے والی جڑواں ہیڈ ریس ٹنلز پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جڑواں سرنگوں میں سے ہر ایک 37 مربع میٹر ہائیڈرالک رقبہ پر مشتمل ہے اور دریائے جہلم کے نیچے 200 میٹر کی گہرائی میں اِن دونوں جڑواں سرنگوں کی کھدائی کامیابی کے ساتھ مکمل کی جاچکی ہے اور اس حوالے سے اکتوبر 2014 ء کے دوران پانی کے رساؤ سمیت تمام تکنیکی اور ارضیاتی مشکلات پر قابو پایا جاچکا ہے ۔

(جاری ہے)

مذکورہ سرنگیں تکمیل کے قریب ہیں اور انہیں جلد ہی مرکزی سرنگوں کے نظام سے منسلک کر دیا جائے گا ۔

بائیں ہیڈ ریس ٹنل متوقع طور پر 15 جنوی 2016 ء جبکہ دائیں ہیڈ ریس ٹنل 15 فروری 2016 ء کو مکمل ہونے پر مرکزی سرنگوں سے منسلک کر دی جائے گی ۔اجلاس نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے 59 کلو میٹر طویل مجموعی سرنگوں پر تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا ۔ پراجیکٹ ایریا میں مختلف مقامات پر اِن جڑواں اور سنگل سرنگوں کی کھدائی کا کام مختلف تکنیک کے ساتھ جاری ہے اور انہیں کامیابی کے ساتھ باہم منسلک کیا جارہا ہے ۔

اجلاس میں اِس بات کی تعریف کی گئی کہ قبل ازیں سی 2 اور سی 3 کی دو ٹنلز کو حیرت انگیز درستگی کے ساتھ باہم منسلک کیا جاچکاہے ۔ اجلاس میں اِس خواہش کا اظہار کیا گیا کہ دریائے جہلم کے نیچے سے گزرنے والی سرنگوں کو بھی اسی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مرکزی سرنگوں سے منسلک کر دیا جائے گا ۔اجلاس میں اِس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ اِس موقع پر ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ پراجیکٹ پر کام کرنے والوں کی محنت اور پیشہ ورانہ قابلیت کا اعتراف کیا جاسکے ۔

اس امر کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ سرنگوں کو باہم منسلک کرنے کی تقریب میں متعلقہ وفاقی وزراء اور آزاد کشمیر کی کابینہ کے ارکان کو مدعو کیا جائے گا ، جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر مملکت برائے پانی و بجلی سے بھی شرکت کے لئے درخواست کی جائے گی ۔اجلاس میں بورڈ کے تمام ممبرز نے اِس امر کا مشاہدہ کیا کہ پراجیکٹ کی مقررہ وقت میں تکمیل کے لئے ضروری ہے کہ پراجیکٹ کا فنانشل کلوزر جلد از جلد حاصل کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :