آئی ڈی پیز پر راشن کی بندش ظالمانہ اقدام ہے ،ارباب طاہر

گورنر سیکرٹریٹ کی جانب سے انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ،فاٹا سیکرٹریٹ نے بھی آنکھیں بند کر رکھی ہیں، رہنماء اے این پی

منگل 24 نومبر 2015 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری مالیات ارباب محمد طاہر خان خلیل نے شمالی وزیرستان کی پانچ تحصیلوں کے آئی ڈی پیز پر راشن کی بندش کو ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے آئی ڈی پیز کو زندہ رہنے کے حق سے بھی محروم رکھنا چاہتی ہے ۔

اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں اُنہوں نے کہا کہ گورنر سیکرٹریٹ کی جانب سے انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے جبکہ فاٹا سیکرٹریٹ نے بھی اس المیے پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز جو کہ پہلے سے ہی اپنا گھر بار لٹا چکے ہیں اور اس سرد موسم میں وہ کھلے آسمان کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔

(جاری ہے)

اور اب انہیں خوراک سے محروم رکھ کر زندہ درگور کرنے کی ظالمانہ روش اپنا لی گئی ہے جو کہ ظلم کی انتہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو اس سنگین مسئلے کے حل کیلئے ہنگامی اور ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی بروقت واپسی اور اُن کی بحالی دونوں حکومتوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے کیونکہ آپس کی چپقلش اور ایک دوسرے پر الزامات کے آئی ڈی پیز پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ لہٰذا دونوں حکومتوں کو چاہیے کہ آئی ڈی پیز کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :