بہت جلد بزنس اور کراچی ایکسپریس کو اپ گریڈیشن کے بعد ہائی پروفائل ٹرین کے طور پر متعارف کروائیں گے ‘ خواجہ سعد رفیق

پہلی مرتبہ تمام جمہوری قوتیں مل جل کر کام کرر ہی ہیں ،پاکستان کی کامیابی اسی میں ہے کہ جمہوریت کو مضبوط کیا جائے‘چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ریلوے سردار فتح محمد حسنی

منگل 24 نومبر 2015 19:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ قراقرم ایکسپریس کا افتتاح کر د یا گیا ہے جبکہ اسی مالی سال کے دوران بہت جلد بزنس ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس کو اپ گریڈیشن کے بعد ہائی پروفائل ٹرین کے طور پر متعارف کروائیں گے ، دونوں ٹرینوں کے کرائے کا ریٹ ایک جیسا ہو گا جبکہ آئندہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے بغیر ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائیگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ریلوے اسٹیشن پر قراقرم ایکسپریس کے نئے ریک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین سردار فتح محمد حسنی ،سینیٹر حافظ حمد اﷲ ، سینیٹر صلاح الدین ترمذی ، سینیٹر سردار اعظم خان موسیٰ خیل ، سینیٹر تاج حیدر ، سینیٹر ثمینہ خان اور سینیٹر زاہدہ خان بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہمیں بزنس ایکسپریس واپس مل گئی ہے اور اس کی اپ گریڈیشن جاری ہے ۔ آئندہ ٹرینوں کے کرایوں میں کوئی ایسا اضافہ نہیں ہو گا جس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس شامل نہ ہو ۔ کوشش کریں گے کہ ہمارے کرائے ہمیشہ روڈ ٹرانسپورٹ سے کم رہیں ۔ قراقرم ایکسپریس میں بھی ہم نے صرف 5فیصد کرایہ بڑھایا ہے اس کی بزنس کلاس کا کرایہ صرف 80روپے اضافے کے بعد 4410روپے سے بڑھا کو 4490روپے کیا گیا ہے جبکہ اکانومی کلاس کے کرایہ میں صرف 70روپے اضافہ کیا گیا ہے جو کہ 1520روپے سے بڑھا کر 1590روپے کر دیا گیا ہے ۔

قراقرم ایکسپریس کی اکانومی کلاس میں لوگوں کو بے پردگی کا بہت مسئلہ تھا جس کے لئے باقاعدہ پردے لگا دیئے گئے ہیں جس سے فیملیز کے ساتھ سفر کرنے والوں کو آئندہ پریشانی نہیں ہو گی ۔ اس کے علاوہ ساؤنڈ سسٹم ، ایل سی ڈی ، بیڈنگ ،وائی فائی ، پبلک ایڈریس سسٹم اور کھانے کی بہتر سہولیات بھی شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قراقرم ایکسپریس میں 18کوچز شامل ہیں جبکہ 1ہزار 130مسافر سفر کر سکیں گے جو کہ 18گھنٹے میں لاہور سے کراچی پہنچے گی ۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ریلوے سردار فتح محمد حسنی نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کے نظام کو زندہ کر دیا ہے ، ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ اس وقت پہلی مرتبہ تمام جمہوری قوتیں مل جل کر کام کرر ہی ہیں اور پاکستان کی کامیابی اسی میں ہے کہ جمہوریت کو مضبوط کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ امن و امان کے مسائل سابقہ ادوار کی غلط خارجہ پالیسیوں کا رد عمل ہے ۔

اس وقت ضرورت ہے کہ پارلیمنٹ اور فوج مل کر کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی ترقی کا سفر جس بدتری سے گزررہا تھا خواجہ سعد رفیق نے اسے بہتر کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے ۔ وزارت اور پارلیمنٹ مل کر ریلوے کو مل کر ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے ۔ جے یو آئی (ف) کے سینیٹر حافظ حمد اﷲ نے کہا کہ تبدیلی کے نعرے کوئی اور لگا رہا ہے لیکن حقیقی تبدیلی خواجہ سعد رفیق لے کر آرہے ہیں ۔ چند سالوں سے ہم محسوس کر رہے تھے کہ محکمہ ریلوے تباہی کی طرف جا رہا ہے لیکن اب ریلوے اپنے پیروں پر کھڑا ہو رہا ہے ۔ جو بھی اچھا کام کرے گا ہم اس کے ساتھ ہیں اور تمام جماعتیں ان کی پشت پر کھڑی ہیں ۔ بعد ازاں ریلوے کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اراکین کو ریلوے ورکشاپ کا دورہ بھی کروایا گیا ۔