دنیا بھر میں دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، داعش کا مسلمانوں سے اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں،پیر سید شاہد حسین گردیزی

حکومت سے ملکر دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرکے دم لیں گے،سیمینار سے خطاب

منگل 24 نومبر 2015 19:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 نومبر۔2015ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونی والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ داعش کا مسلمانوں سے اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ حکومت سے ملکر دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرکے دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ حزب الاحناف لاہور میں عالمی جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام ہونے والے اتحادامت سیمینار سے جماعت کے مرکزی سیکرٹری جنرل پیر سید شاہد حسین گردیزی نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا میں انتشار پھیلانے والے انسان نہیں شیطان ہیں۔ ہمیں داعش سمیت تمام دہشت گرد گروپوں کے خاتمے کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر کے حکمرانوں کو ملکر جدوجہد کرنی ہوگی۔ اسلام کا لبادہ اوڑھ کر دنیا بھر کے امن کو تباہ کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔

(جاری ہے)

دنیا کا کوئی بھی مذہب ایسے قتل وغارت کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام قومی اور بین الاقوامی معاملات میں امن ورواداری کا درس دیتا ہے۔

غیر ملکی نمائندوں سفارتکاروں کی جان کی حفاظت کرنا سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ اسلام غیر مسلم شہریوں کو نہ صرف ان کے جان ومال اور عزت وآبرو کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے بلکہ ان کی عبادت گاہوں کو بھی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ قرآن پاک میں ایسی قتل وغارت کا کہیں ذکر نہیں۔ اسلام دنیا کے تمام مذاہب کی حفاظت کا درس دیتا ہے۔ اجلاس میں وزیر اعظم اور صدر پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے ناسور کے خاتمے کے لئے فوراً دنیا بھر کے حکمرانوں کا اجلاس اسلام آباد میں بلایا جائے جس میں دنیا بھر کے تمام مذاہب پر مشتمل انٹرنیشنل (اتحاد امت )کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے ملکر جدوجہد کی جاسکے جبکہ 27 نومبر بروز جمعہ کو ملک بھر میں عالمی جماعت اہلسنت کے زیر اہتمام یوم اتحاد امت منایا جائے گا جمعہ کے اجتماعات میں علماء اتحاد امت کے موضوع پر خطابات کریں گے اور امت کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

سیمینار کی صدارت جماعت کے مرکزی امیر پیر سید مصطفی اشرف رضوی نے کی۔ مولانا پیر محمد عامر چشتی، صاحبزادہ احمد شکیل صدیقی، مفتی غلام حسن، مولانا محمد اشرف، مفتی محبت علی رضوی، علامہ محمد آصف عطاری، مولانا مشتاق احمد، مولانا محمد طفیل نوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا

متعلقہ عنوان :