اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن ؛ حکومت کا شہرمیں ایک ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان متوقع

منگل 24 نومبر 2015 19:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 نومبر۔2015ء) وفاقی دارلحکومت میں بلدیاتی الیکشن کے موقع پر حکومت کی جانب سے وفاق کے باسیوں کے لیے ایک ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان متوقع ہے ۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے جلسہ عام کے بعد مریم نواز دیگر لیگی اہم رہنماؤں کے ہمراہ وفاق کے شہریوں سے جلسہ عام سے خطاب کر کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گی ۔

آن لائن کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے لیگی رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، راجہ ظفرالحق ودیگر سے اسلام آباد میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلات طلب کی ہیں تاکہ بلدیاتی الیکشن سے قبل ووٹوں کی خریداری کے لیے آئینی و قانونی ہارس ٹریڈنگ کی جائے ۔ن لیگ ذرائع کے مطابق میاں محمد نواز شریف کو بتایا گیا ہے کہ وفاق میں صاف پانی کی قلت ،سیوریج کا بوسیدہ نظام ،سڑکو ں کی مرمت ،کچی آبادیوں کے مسائل،بوسیدہ عمارتوں کی مرمت سمیت دیگر کاموں کے حوالے بتایا گیا ہے اور اس پر لاگت ڈیڑھ ارب روپے کے قریب آ سکتی ہے تاہم حکومت نے خطیر رقم پر مبنی ایک بلدیاتی پیکج ترتیب دیا ہے جو کہ حلقہ این اے 48اور حلقہ این اے 49کی عوام کو دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

لیگی ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ایک جلسہ عام کیا جائے گا جس میں دونوں حلقوں کی عوام کو جمع کیا جائے گا اور اس جلسہ سے خطاب کے لیے فی الحال وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو چنا گیا ہے تاکہ سابق الیکشن میں دونوں حلقوں کی عوام کے اصرار کے باوجود حکومت نے حمزہ شہباز کو ضمنی الیکشن میں خطاب کروایا تھا مگر انکا خطاب کام نہ آسکا تھا اورحکومتی پارٹی ضمنی الیکشن ہار گئی تھی اب کی بار ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی ایما پر مریم نواز کو جلسہ عام سے خطاب کرانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔