وزیراعظم محمد نواز شریف کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کوششیں قابل تعریف ہیں،آزاد کشمیر میں عام انتخابات آئین اور قانون کے مطابق مقررہ وقت پر ہو ں گے

صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب اور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے درمیان ملاقات میں اتفاق

منگل 24 نومبر 2015 18:47

اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 نومبر۔2015ء) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان اور وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات آئین اور قانون کے مطابق مقررہ وقت پر ہو ں گے۔ منگل کو دونوں رہنماؤں میں ملا قات میں، تحریک آزادی کشمیر ، آزاد کشمیر کی سیاسی معاملات ، تعمیر و ترقی ، آمدہ انتخابات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں قابل احترام ہیں انتخابات کے حوالے سے سب کے ساتھ مشاورت کی جائے گی ۔

ریاست میں گڈ گورننس کے لیے مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سمیت مرکزی حکومت کے ساتھ کسی قسم کا اختلاف نہیں ۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کوششیں قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی میں وزیراعظم پاکستان کی خصوصی دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ صدر سردار محمد یعقوب خان ، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست میں الزام تراشی، محاذ آرائی کی سیاست سے ہر ممکن حد تک گریز کیا جائے گا ۔

آئندہ انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر ہوں گے ۔ آزاد ریاست محاذ آرائی کی متحمل نہیں ہو سکتی ۔ ایسی صورتحال سے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ منتخب حکومت اپنا دور اقتدار خوش اسلوبی سے پورا کرنے جا رہی ہے ۔ اس دوران آزاد کشمیر میں مکمل سیاسی ہم آہنگی کی فضا برقرار رکھی گئی ۔ کسی کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہوئی ۔

اس عرصے میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا ۔ اپوزیشن کو ہر معاملے میں جائز مقام دیا گیا ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے بتایا کہ گزشتہ چار برسوں میں میری حکومت نے تعمیر و ترقی ، شاہرات ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں جو کام کئے ان کی مثال گزشتہ 68 برسوں میں نہیں ملتی ، عوام ان پانچ سالوں کا گزشتہ نصف صدی سے تقابلی جائزہ لیں۔ اور انتخابات میں حق و انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم فرشتے نہیں تھے ،کمی کوتاہی ہو سکتی ہے لیکن ہماری نیت اور خلوص پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے عالمی سطح پر کانفرنسوں میں بھرپور نمائندگی کر کے کشمیر کاز کا اجاگر کیا گیا ۔ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کے سیکولر چہرے سے نقاب اتارا گیا ۔ ریاست کے اندر بھی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے بھارت سے آزادی کے یک نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا گیا ۔

صدر آزاد کشمیر نے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی بہترین کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جتنے کام گزشتہ 5 برسوں میں ہوئے ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی ، وزیراعظم سب کو ساتھ لے کر چلے جس کی وجہ سے ریاست میں کسی قسم کی محاذ آرائی دیکھنے کو نہیں ملی ۔ یہ چوہدری عبدالمجید کی کامیاب حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔