بھارت میں اقلیتوں پر تشدد کی کارروائیاں سیکولر ازم کے دعووں کی نفی ہے انیسہ زیب طاہر خیلی

صوبائی وزیر معدنیات و لیبر کی ” اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 نومبر۔2015ء “ سے بات چیت

منگل 24 نومبر 2015 18:31

پشاور۔24 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 نومبر۔2015ء ) صوبائی وزیر معدنیات و لیبر انیسہ زیب طاہر خیلی نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں اورسکھوں سمیت اقلیتوں کے خلاف تشدد کی حالیہ کارروائیاں بھارت کی جانب سے سیکولر ازم کے دعووں کی نفی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ” اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔

24 نومبر۔2015ء “ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے دوران یہ واقعات بھارتی سیکولر ازم کے چہرے پر بدنما داغ ہے جبکہ بھارت میں پاکستانی شہریوں کے خلاف متعصب رویہ بین الاقوامی برادری غور سے دیکھ رہی ہے جبکہ دوسری جانب وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں ہندو دیوالی کی تقریبات میں شرکت کر کے دنیا کو اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایک مضبوط اور اچھا پیغام دیاکہ پاکستان میں اقلیتی برادری مسلمانوں کے برابر ہے۔

(جاری ہے)

چند روز قبل خود دیوالی کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کرنے والی انیسہ زیب نے کہا کہ اسلام میں اقلیتوں کے حقوق کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور پاکستان میں مقیم تمام اقلیتوں ہندو سکھ عیسائی و دیگر کو مسلمانوں کے برابر حقوق حاصل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کر رہے ہیں جبکہ دوسری طرف بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے خلاف انتہا پسندانہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے ۔

انیسہ زیب نے کہا کہ اس انتہا پسندانہ رویئے کی وجہ سے بی جے پی کو صوبہ بہار میں ہونے والے الیکشن میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں چاہتے اورہمیں ان سے اس سلسلے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین راہداری منصوبہ ملک کے لئے نہایت اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور اس کی تکمیل سے معدنیات سمیت مختلف شعبوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے اور خیبر پختونخوا سمیت ملک میں تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ بھی ملے گا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور حکومت عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے ان تمام وسائل کو بروئے کار لارہی ہے صوبے کے لیبر ایکٹ میں ترمیم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کو مزید مزدور دوست اور نئے دور کے تقاضوں کے مطابق بنایا جائے گا تاکہ ان قدرتی وسائل کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مائننگ میں ملوث افرادکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انیسہ زیب نے کہا کہ دوسرے صوبوں میں مائیننگ انڈسٹری سے وابستہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کا مکمل ڈیٹا حاصل کر نے کے لئے ایک سروے کیا جائے گا تاکہ ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے بہتر اقدامات کئے جا سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ورکر ویلفیئر بورڈ میں سیاسی بنیادوں پر بھرتی نے اس ادارے پر بہت بوجھ ڈالا ہے اور اس سلسلے میں ورکرز کے مندرجات اور کاغذات کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے تاکہ ان کی تعیناتی کے قانونی عوامل اور پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کی جا سکے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جو کارکنان قانونی ضروریات پوری کرتے ہوئے بھرتی کئے گئے وہ اس عمل سے بالکل متاثر نہیں ہوں گے تین ماہ سے بند ورکنگ فوکس گرائمر سکولز کے ورکروں کی تنخواہوں کی بندش کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس مد میں فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں اور جلد ہی تنخواہوں کی ادائیگی کر دی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ایک ویجی لینس ڈائریکٹوریٹ کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا جو کہ خیبر پختونخوا میں مائنز اور لیبر کے معاملات پر نظر رکھے گا صوبائی حکومت مائینز کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی اور سرمایہ کاروں کو دوستانہ اور خوشگوار ماحول مہیا کرتے ہوئے اس شعبے کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں زلزلہ متاثرین کے مسائل سے آگاہ ہیں اور بروقت اقدامات اور امدادی رقوم کی ادائیگی سے ان کی مالی مشکلات کو کافی حد تک حل کر لیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومت زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے ایک ہی پیج پر ہیں اور دونوں کی انتھک کوششوں سے جلد زلزلہ زدگان کی مشکلات کو کم کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت زلزلے کے آخری متاثر ہ شخص کی بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ زدگان کی مالی مدد کے لئے بین الاقوامی برادری اور مقامی مخیر حضرات کی امداد کو خوش آمدید کہا جائے گا ۔ انہوں نے مائینز ڈیپارٹمنٹ کے ورکرز پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض تندہی سے انجام دیں اورکہا کہ احسن طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دینے والے کارکنوں کے بچوں کو وظائف دیئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :