سانحہ جہلم پاکستان اور مسلمانوں کے لیے نیک شگون نہیں، لیاقت بلوچ

منگل 24 نومبر 2015 18:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) ملی یکجہتی کونسل اور جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سانحہ جہلم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ جہلم ایک المناک واقعہ ہے ۔ ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹریٹ سے بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہلم میں فیکٹری جلائے جانے کا واقعہ بہت خطرناک ہے۔

فرانس کے واقعے پر یورپ اور باقی دنیا میں جو صورت حال پیدا ہو گئی ہے اس کے تناظر میں یہ واقعہ پاکستان اور مسلمانوں کے لیے نیک شگون نہیں ہے۔ حکومت اور انتظامیہ قوم کے سامنے جواب دہ ہے کہ ایسے سانحات کیوں اور کیسے رونما ہوتے ہیں۔اس سلسلے میں پولیس کی نااہلی اور غیر ذمہ داری کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کا تعین کرنا اور انھیں قرار واقعی سزا دینا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

آئین پاکستان اور اسلامی احکام کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہیں اور ان کی حفاظت کرنا مسلم اکثریت کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اشتعال میں آکر کسی کے املاک کو جلانا لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں۔حکومت کو چاہیے مذکورہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کرے۔ اگر کوئی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو وہ قابل مذمت ہے۔ قانون توڑنے والے کے خلاف قانون ہی کو متحرک ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :