اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر62حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج کی تعیناتی کا فیصلہ

کہ سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں 7752پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جن میں اسلام آباد پولیس کے 3720اہلکار شامل ہوں گے، بلدیاتی انتخابات میں پنجاب پولیس، آزاد جموں و کشمیر اور ایف سی کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے، آئی جی اسلام آباد پولیس کی بریفنگ

منگل 24 نومبر 2015 17:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔24 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر62حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا، انتخابات کے موقع پر 7752پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے کہا ہے کہ پر امن اور شفاف انتخابات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،انتخابی عملے کو سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے دباؤ میں نہیں آنا چاہیے۔

منگل کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضامحمد خان زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہواجس میں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، ڈی جی ملٹری آپریشن ، ایم ڈی پینٹنگ کارپوریشن الیکشن کمیشن کے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے اجلاس سے ابتدائی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات کا انعقاد بھی آئینی ذمہ داری ہے، ادارے انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں، پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے دو مرحلے خوش اسلوبی سے طے ہو گئے، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پرسیکیورٹی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،امید ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں معاونت کریں گے۔

اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز تعیناتی کی درخواست کی ہے، فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست صاف و شفاف الیکشن کیلئے کی گئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں 7752پولیس اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے، جن میں اسلام آباد پولیس کے 3720اہلکار شامل ہوں گے، بلدیاتی انتخابات میں پنجاب پولیس، آزاد جموں و کشمیر اور ایف سی کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔

اجلاس میں62حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ رینجرز اور ایف سی کی 600سے زائد اہلکار تعینات کرنے کی تجویز دی گئی،بلدیاتی انتخابات میں 1032خواتین اہلکار بھی تعینات ہوں گی۔ چیف الیکشن کمشنرسردار رضا نے کہا کہ پر امن اور شفاف انتخابات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، عملے کو سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے دباؤ میں نہیں آنا چاہیے۔