پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ ایف ٹی7 گر کر تباہ خاتون فلائنگ آفیسر مریم مختیار شہید اسکواڈرن ثاقب عباسی زخمی

شہادت کے درجے پر فائز ہونے والی پاکستان ایئرفورس کی پہلی خاتون پائلٹ ہیں ائیر ہیڈ کوارٹر کی جانب سے طیارہ کے حادثے کی وجوہات کا تعین کر نے کیلئے تحقیقات کا حکم

منگل 24 نومبر 2015 17:21

اسلام آباد/ میانوالی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ ایف ٹی7 گر کر تباہ ہونے سے خاتون فلائنگ آفیسر مریم مختیار شہیداور اسکواڈرن لیڈر محمد ثاقب عباسی زخمی ہو گئے ۔پی اے ایف ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق میانوالی کے قریب کندیاں میں فضائیہ کے ایف ٹی7 طیارے کو معمول کی پرواز کے دوران حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں خاتون پائلٹ مریم مختیار شہید اور اسکواڈرن محمد ثاقب عباسی زخمی ہوگئے ۔

ترجمان کے مطابق اسکواڈرن لیڈر ثاقب عباسی اور فلائنگ آفیسر مریم مختیار معمول کے آپریشنل ٹریننگ مشن پر تھے کہ مشن کے بالکل آخری لمحات میں طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔دونوں پائلٹس نے طیارے اور زمینی آبادی کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے طیارے سے چھلانگ لگادی ترجمان کے مطابق اسکواڈرن لیڈر ثاقب عباسی کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ فلائنگ آفیسر مریم مختیار جان کی بازی ہار گئیں وہ شہادت کے درجے پر فائز ہونے والی پاکستان ایئرفورس کی پہلی خاتون پائلٹ ہیں۔

(جاری ہے)

24 سالہ مریم مختیار کا تعلق کراچی سے تھا اور انھیں پاکستان ایئرفورس میں بطور کمیشنڈ آفیسر شمولیت اختیار کیے ہوئے چند برس کا عرصہ ہوا تھا۔ائیر ہیڈ کوارٹر کی جانب سے طیارہ کے حادثے کی وجوہات کا تعین کر نے کیلئے تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے اور اس سلسلے میں بورڈ آف انکوائری نے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔