کسان پیکج کے تحت کاشتکاروں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کا استقبال

منگل 24 نومبر 2015 16:55

فیصل آباد نومبر24 (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 نومبر۔2015ء) :جھنگ میں کسان پیکج کے تحت کاشتکاروں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کیلئے وزیر اعظم محمد نواز شریف دوپہر ایک بجکر 51منٹ پر خصوصی طیارے کے ذریعے گلگت بلتستان سے فیصل آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل سمیت دیگر اعلیٰ صوبائی ، ڈویژنل و ضلعی حکام نے انکااستقبال کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزرشید ، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں وزیر اعظم جھنگ کیلئے روانہ ہو گئے۔ وزیر اعظم کے کسان پیکج کے تحت ضلع جھنگ کے دھان اور کپاس کے 52574 کاشتکاروں و کسانوں جن میں 40406 کاشتکار چاول اور 19844 کاشتکار کپاس کی فصل کے متاثرین میں شامل جبکہ 7676کاشتکار چاول و کپاس کی فصل کے مشترکہ متاثرین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

کسان پیکج کے تحت مجموعی طور پر 95کروڑ روپے کی رقم تقسیم کی جا رہی ہے۔ 5ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے اب تک ضلع جھنگ کے 12348 کاشتکاروں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے جا چکے ہیں جن میں سے 10109 کے پے آرڈرز کیش بھی کروا لئے گئے ہیں، جبکہ آئندہ چندروز میں باقی تمام متاثرہ کاشتکاروں میں شفاف طریقے سے رقوم کی تقسیم کاعمل مکمل کرلیاجائیگا۔

متعلقہ عنوان :