سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کی دعائیں رنگ لائی ہیں، آج پاکستان میں دہشتگردی میں نمایاں کمی ہوئی؛گورنر پنجاب رفیق رجوانہ

منگل 24 نومبر 2015 16:49

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 نومبر۔2015ء) گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کی دعائیں کامیاب ہوئی ہیں اور ان دعاؤں کی بدولت آج پاکستان میں دہشتگردی کی وارداتوں میں نہ صرف نمایاں کمی ہوئی بلکہ حکومت پاکستان اور تمام عسکری اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ ملک بھر کی سیاسی جماعتیں ایک ایجنڈا پر یکجا ہیں اور اسی ایجنڈے کے تحت دہشتگردوں کا قلع قمع کرنے کیلئے جدوجہد جاری ہے ۔

یہ بات گورنر رفیق رجوانہ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ایکسپو سنٹر اور میلہ ربیع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اب جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کی سربراہی میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے جس کے خاطر خواہ نہ صرف نتائج برآمد ہوئے ہیں بلکہ چھوٹے کاشتکاروں کو اربوں روپے کے وزیراعظم زرعی پیکج سے کسانوں کو اربوں روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں اور آج ہی وزیراعظم جھنگ میں کسانوں کو اسی پیکج کے تحت امدادی رقم فراہم کرنے آئے تھے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ جائز تنقید حکومتی پالیسیوں پر ہونی چاہیے مگر انا کا مسئلہ بنا کر ٹانگیں نہیں کھینچنی چاہیے جس سے ملک کو نقصان پہنچے انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دینا چاہیے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ نہ صرف ریلیف مل سکے بلکہ لوڈ شیڈنگ ، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کیا جاسکے تقریب سے چیمبر فیڈریشن آف کامرس پاکستان کے مرکزی صدر میاں محمد ادریس پاکستان میں متعین جرمنی کے سفیر ، برطانوی سفارتخانے کے ڈائریکٹر جنرل زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا گورنر پنجاب نے بعدازاں ایکسپو سنٹر کی نمائش کا افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ نیزہ بازی اور گھوڑوں کا ڈانس بھی دیکھا