پاکستان دہشت گردی کے خلاف بڑی جنگ لڑرہا ہے، راجہ ظفر الحق

منگل 24 نومبر 2015 15:38

اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 نومبر۔2015ء) سینیٹ میں قائد ایوان اور مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بڑی جنگ لڑرہا ہے اور دہشت گردی کو کنٹرول کرنا اور اس کے خلاف آواز اٹھانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وہ منگل کو یہاں بین المذاہب انٹرنیشنل کانفرنس میں خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے مذاہب کا احترام ہمارا فرض ہے تمام مذاہب اس بات پر متفق ہیں اور مذہبی ہم آہنگی پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو کنٹرول کرنا اور اس کے خلاف آواز اٹھا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان دہشت گردوں کے نشانے پر ہے اور حکومت پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بڑی جنگ لڑ رہا ہے ‘ راجہ ظفر الحق نے کہا کہ دہشت گردوں نے بچوں اور خواتین ‘ علماء اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو نشانہ بنایا اس لئے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متعدد ہے ہمیں متفقہ طور پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف کوششیں کرنا ہوں گی۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالمحسن نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی اور فساد کا دین قرار دینا غلط ہے ‘ اسلام ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک ہے جو لوگ اسلام کے نام پر ظلم ڈھا رہے ہیں وہ دراصل اسلام اور مسلمانوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف غلط پروپینگڈا کو دور کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔

دہشت گردی کے واقعات کو مسلمانوں سے منسوب کرکے مسلمانوں کا عرصہ حیات تنگ کردیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ایک چھوٹا سا گروہ ہے ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ۔ اس موقع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یونائیٹ کے چیئرمین مفتی ابو حریرا محی الدین نے کہا کہ بحثیت مسلمان میرا یہ عقیدہ اور ایمان ہے کہ اسلام امن اور سلامتی کا مذہب ہے جس طرح ہمارے دین نے انسانیت کو تحفظ فراہم کیا اسی طرح انسانوں کے حقائق اور نظریات کو بھی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں موجود غیر مسلم شہریوں کو نہ صرف برابر کے حقوق دیں بلکہ ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد بھی کریں ۔ معاشرے میں موجود کسی مسلم کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانا یا اس کو قتل کرنا یہ بہت بڑا گناہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین میں واضح طور پر غیر مسلم شہریوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے اس پر ہم سب کو فخر ہونا چاہئے ہمارے آئین کے آرٹیکل 20کے تحت یہاں بسنے والے تمام غیر مسلم شہریوں کو اپنی مذہبی عبادات ادا کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

متعلقہ عنوان :