پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والی بات چیت مثبت رہی ، ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ؛ خورشید شاہ

منگل 24 نومبر 2015 15:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 نومبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والی بات چیت مثبت رہی ہے ۔ ہم تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں ۔ سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی ۔ منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے وفد سے ہونے والی ملاقات مثبت رہی ۔

جس میں قومی نوعیت کے مسائل پر تفصیل سے بات کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جو عوامی مسائل ہیں ان کو حل کرنے کے لئے ہم مل کر آگے بڑھیں گے انہوں نے کہاکہ آئین کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پارلیمنٹ کے اندر جو اپوزیشن جماعتیں ہیں ان کو ساتھ لے کر چلیں اور تمام جماعتوں کو جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں سے پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم واپس پارلیمنٹ میں آئے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی ۔ سیاست میں جماعتوں کی ایک دوسرے کی مخالفت کرنا ،اکٹھے ہونا اور الگ ہونا جموریت کی خوبصورتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ اور انتخابات کی اصلاحات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے بریفنگ لیں گے ۔ اور اس سلسلے میں ہر ماہ سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلایا جائے گا ۔