اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ‘ الیکشن کمیشن نے نتائج مرتب کرنے کیلئے موبائل ایپ کا استعمال کرنے کی منظوری دیدی

آزمائشی طور پر 200 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج مرتب کئے جائیں گے

منگل 24 نومبر 2015 14:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج مرتب کرنے کیلئے موبائل ایپ کا استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے ‘ آزمائشی طور پر 200 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج مرتب کئے جائیں گے الیکشن کمیشن کے ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پہلے مرحلہ میں دو سو پولنگ اسٹیشنوں سے نتائج وصول کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پریزائیڈنگ افسران موبائل فون سے انتخابی نتائج کی تصویر بناکراس ایپ کے ذریعے مرکزی سیکریٹریٹ بھجوائیں گے ‘اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت آئیگی ۔خضر عزیز کے مطابق 2018 کے عام انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے سسٹم بہتر بنایا جا رہا ہے انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے تمام 640 پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات گوگل پر بھی جاری کردی ہیں۔ ووٹرزاب ویب سائٹ کے ذریعے اپنے پولنگ اسٹیشن کی تفصیلات جان سکیں گے