وزرائے مملکت شیخ آفتاب اور عابد شیر علی کا بھارتی رہنماؤں کے انتہا پسندانہ بیانات پر سخت برہمی کااظہار

منگل 24 نومبر 2015 14:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) وزرائے مملکت شیخ آفتاب اور عابد شیر علی نے بھارتی رہنماؤں کے انتہا پسندانہ بیانات پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم مودی کو پالیسیوں پر نظر ثانی کر نی چاہیے ‘ موجودہ حالات میں انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت شیخ آفتاب احمد نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا ہوا ہے اور اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اگر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی پالیسیوں کو نہیں بدلا تو ان کا بھی وہی انجام ہوگا جو ڈکٹیٹر کا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کو اقلیتوں کے حوالے سے اپنی پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت ہے‘ موجودہ حالات میں دنیا ایک گلوبل ویلج بن چکی جہاں انتہا پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے بلکہ لبرل پالیسی ہی کامیاب ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کے حوالے سے انسانی حقوق کی تنظیمیں کہاں ہیں‘ وہاں پر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے شہری ملک چھوڑنے کی باتیں کر رہے ہیں تاہم اس کے برعکس پاکستان میں ایسی صورتحال کبھی نہیں ہوئی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت میں انتہا پسندی کی وجہ سے سپر سٹار ملک چھوڑنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اقلیتوں پر مظالم روکنے میں کوئی کردار ادا نہیں کر رہی ‘ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی اداروں کو ایسی بات کا نوٹس لینا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کہا کہ ان انتخابات سے عوام کے مقامی سطح پر مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی

متعلقہ عنوان :