سپیکر قومی اسمبلی کا تحریک انصاف کے ارکان کی میڈیا پر غلط بیانی پر سخت برہمی کا اظہار

منگل 24 نومبر 2015 14:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے ارکان کی میڈیا پر غلط بیانی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان میڈیا پر غلط بیانی کرینگے تو مجھ سے کسی مہربانی کی توقع نہ رکھیں ‘ پی ٹی آئی ارکان چھ ماہ ایوان سے غیر حاضر رہتے ہیں الزام سپیکر کو دیتے ہیں ‘ باتیں بنانا چھوڑ دیں ‘ ایوان میں آئیں گے تو کام ہوگا جبکہ پی پی آئی کے رکن عارف علوی نے ملبہ میڈیا پر ڈال دیا ۔

منگل کو یہاں قومی اسمبلی کے معمول کے اجلاس کے دوران تحریک انصاف کے رکن عارف علوی نے جب کھڑے ہوکر یہ کہا کہ انہیں ایوان میں بل پیش کرنے کا موقع نہیں دیا گیا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ان پر برس پڑے اور کہا کہ آپ کے ارکان قائمہ کمیٹیوں کیاجلاسوں میں شریک نہیں ہوتے ‘6 چھ مہینے ایوان سے غیرحاضر رہتے ہیں اور الزام اسپیکر کو دیتے ہیں، ایوان میں آکر کام کریں تو کام ہوگا اب باتیں بنانا چھوڑدیں جہاں تک بل روکنے کا معاملہ ہے توانہوں نے تحریک انصاف کا کوئی بل نہیں روکا تاہم تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اجلاس کے دوران باہر جاکر میڈیا پربات کرتے ہیں

لیکن ایوان میں نہیں آتے۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کل میرے بارے میں حقائق کے منافی باتیں کی گئیں اگرآپ کی جگہ میں ہوتا تو تحریک انصاف کے کل کے بیان کے بعد مخالفت کرتا ‘جتنا مجھ پرحملے کریں گے اتنا قواعد کے مطابق چلوں گا ‘کچھ ارکان بل پیش کرنے سے پہلے میڈیا سے کہتے ہیں کہ انہیں اجازت نہیں ملی خود اپنے بلوں پرتوجہ نہیں دیتے اورباتیں اسپیکرآفس کے خلاف کرتے ہیں اگرتحریک انصاف کے ارکان کوبل پیش کرنا نہیں آتا تووہ بھی سکھانے کوتیارہوں۔

سپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ اگر پی ٹی آئی کے ارکان میڈیا پر غلط بیانی کریں گے تو مجھ سے بھی کسی مہربانی کی توقع نہ رکھیں، آپ لوگوں نے جو باتیں کیں وہ صحیح نہیں، آپ چھ ماہ یہ فیصلہ نہیں کر سکے کہ اسمبلی میں جانا ہے یا استعفیٰ دینا ہے۔ سپیکر نے کہا کہ میڈیا پر بیان دینے کی بجائے یہاں آکر بات کیا کریں، کمیٹیوں کے اجلاسوں میں جاکر اگر اپنے بلز کے بارے میں معلومات نہیں لیں گے تو یہ مسترد ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اکثر بلز کی مخالفت نہیں کی جاتی یہ سلسلہ گزشتہ دور سے چلا آرہا ہے۔ انہوں نے عارف علوی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سیکرٹریٹ آپ کی پارٹی کے اراکین کو بل متعارف کرانے اور پیش کرنے کے حوالے سے آگاہی دینے کو تیار ہے‘ آپ تیاری کے بغیر ہی آجاتے ہیں۔ عارف علوی نے اس موقع پر کہا کہ میڈیا نے ہمارا نکتہ نظر غلط پیش کیا ہے۔