وزیر اعظم کا گلگت سکردو ایکسپریس وے اور جیٹ طیاروں کی سروس کیلئے ائیر پورٹ کی تعمیرکا اعلان

منگل 24 نومبر 2015 14:01

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے گلگت سکردو ایکسپریس وے اور جیٹ طیاروں کی سروس کیلئے ائیر پورٹ کی تعمیرکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکیں بننے سے فاصلے کم ہوتے ہیں اور دل ملتے ہیں ‘ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان کے عوام پر توجہ نہیں دی ‘ عوام کے مسائل دور کر نا چاہتے ہیں ‘گلگت سے اسکردو تک ہائی وے بنائی جائیگی ‘ منصوبے پر 50 ارب روپے لگیں گے ‘مذکورہ سڑک کو اقتصادی راہداری کا حصہ بنایا جائیگا ‘اسکردو،داسواوربونجی میں بھی بجلی کے منصوبوں پر کام کیا جائیگا جس سے ہمیں 10 ہزار میگا واٹ بجلی ملے گی ‘گلگت میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں، دہشت گردی کے خاتمے سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔

وہ منگل کو یہاں گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے میرغضنفر علی کو گورنر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ میر غضنفر کی اپنے علاقے کیلئے خدمات قابل فخر ہیں اور ہم سب گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اصلاحات چاہتے ہیں اور اس مقصد کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے جس کے ذریعے یہاں کے عوام کے مسائل حل ہوں گے۔

انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ گلگت بلتستان جمہوری انداز میں اپنے معاملات چلائے جبکہ عوام سے وعدہ بھی کیا کہ وہ گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ بہت سے مسائل میں گھرے ہوئے ہیں،ماضی کی حکومتوں نے گلگت بلتستان اور عوام پرتوجہ نہیں دی ،

وہ چاہتے ہیں کہ یہاں کے مسائل دور کریں اور گلگت کے عوام بھی آئین کے تحت زندگی گزاریں،اس لئے انہوں نے اس خطے کیلئے خصوصی اصلاحات کمیٹی بنائی ہے۔

شمالی علاقوں میں اتنا پیسہ خرچ کیا جارہا ہے جتنا کراچی، لاہور اور دیگر شہروں پر نہیں لگایاجارہا۔وزیر اعظم نے کہا کہ سڑکیں بننے سے فاصلے کم ہوتے ہیں اور دل ملتے ہیں ‘گلگت سے اسکردو تک ہائی وے بنائی جائیگی ‘ منصوبے پر 50 ارب روپے لگیں گے ‘اس سڑک کو اقتصادی راہداری کا حصہ بنایا جائیگا ، خنجراب سوست اور گلگت والی سڑک حویلیاں تک جائے گی، وسط ایشیا سے آنے والی ٹریفک اسی سڑک سے ہوتی ہوئی گوادر تک جائے گی، جتنا پیسا خرچ کیا جارہا ہے اتنی خوشحالی بھی آئے گی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ گلگت کو خنجراب سے ملانے والی عطاء آباد ٹنل بنائی ہے جس پر 27 ارب روپے خرچ آیا ہے ‘ لواری ٹنل منصوبہ آئندہ سال مکمل ہو جائے گا رائے کوٹ سے حویلیاں تک بھی بہترین سڑک بنائی جائے گی کیونکہ جب سڑکیں بنتی ہیں تو فاصلے کم ہوتے ہیں اور دل ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت میں بجلی کی فراہمی کے منصوبے لگائے جائیں گے ‘ اسی خطے میں بھاشا ڈیم بن رہاہے جو منگلا اور تربیلا سے بڑا ڈیم ہوگا،اسکردو،داسواوربونجی میں بھی بجلی کے منصوبوں پر کام کیا جائیگا جس سے ہمیں 10 ہزار میگا واٹ بجلی ملے گی۔

سیاحت کے فروغ کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں، دہشت گردی کے خاتمے سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔نوازشریف نے کہاکہ گلگت میں جیٹ سروس کیلئے ایک ہوائی اڈہ تعمیر کیا جائے گا ‘ وفاقی حکومت علاقے میں مواصلات کی بہتر سہولتوں اوردوسرے فلاحی ترقیاتی منصوبوں کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دوردراز علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ انہیں ملک کے دوسرے علاقوں کے برابر لایا جا سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے انتخابات سے قبل بھی گلگت بلتستان کا دورہ کیا تھا اور آئندہ بھی وہ تسلسل کے ساتھ آتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطہ میں خصوصی معاشی زون بنیں گے تویہ کراچی اور لاہور سے آگے نکل جائیگا ۔