اسلام آباد : بلدیاتی انتخابات کے نتائج مرتب کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کےا ستعمال کی منظوری دے دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 24 نومبر 2015 13:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 نومبر 2015 ء) : الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج مرتب کرنے کے لیے موبائل ایپ کے استعمال کی منظوری دے دی ہے ، الیکشن کمیشن کے مطابق ابتدائی طور پر موبائل ایپ سے 200 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج مرتب کیے جائیں گے . الیکشن کمیشن نے کہا کہ اگر تجربہ کامیاب رہا تو عام انتخابات میں بھی نتائج اسی طرز پر مرتب کیے جانے کا بھی قوی امکان ہے. اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج مرتب کرنے کے لیے رزلٹ مینجمنٹ موبائل ایپ الیکشن کمیشن نے خود تیار کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی خضر عزیز نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے پہلے مرحلہ میں دو سو پولنگ اسٹیشنوں سے نتائج وصول کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پریزائیڈنگ افسران موبائل فون سے انتخابی نتائج کی تصویر بناکراس ایپ کے ذریعے مرکزی سیکریٹریٹ بھجوائیں گے ، ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتائج کی تیاری میں اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت آئے گی ۔

خضر عزیز کا کہنا تھا کہ 2018 ء میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات تک اس جدید ٹیکنالوجی کے سسٹم میں مزید بہتری لائی جائے گی. انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے تمام 640 پولنگ اسٹیشنز کی تفصیلات بھی گوگل پر جاری کردی ہیں۔ جس کے ذریعے ووٹرزاب گوگل میپ کے ذریعے اپنے پولنگ اسٹیشن کی تفصیلات حاصل کر سکیں گے.