مذاکرات نتیجہ خیز نہیں رہے،بھارت کیساتھ سیریز پر اب مزید بات چیت نہیں ہو گی ، شہر یار خان

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 22 نومبر 2015 18:34

مذاکرات نتیجہ خیز نہیں رہے،بھارت کیساتھ سیریز پر اب مزید بات چیت نہیں ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22نومبر۔2015ء)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )ہیڈ کوارٹر دبئی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اتوار کوپا کستان اور بھارت کے درمیا ن کرکٹ سریز کے معاملے پر آئی سی سی کے نمائندے جائلز کلار ک کی موجودگی میں چیئر مین پی سی بی شہر یار خان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششناک منوہر کے درمیان مذاکرات ڈیڑ ھ گھنٹے تک جاری رہے جس میں پاک بھارت کرکٹ سریز کے مقام پر بات چیت ہوئی۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق اس ملاقات کے حوالے سے آئی سی سی کے نمائندے جائلز کلارک کل میڈ یا بریفنگ دیں گے۔ملاقات کے بعد آئی سی سی ہیڈ کوارٹر کے باہر میڈ یا نمائندوں کے سوال پر شہر یار خان نے تفصیل بتانے سے گریز کیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات نتیجہ خیز نہیں رہے ہیں ، بھارت کے ساتھ سیریز پر اب مزید بات چیت نہیں ہو گی ۔اس موقع پر شہریار خان مایوس نظر آئے۔ملا قات میں پی سی بی کی جانب سے نجم سیٹھی نے بھی شرکت کی۔