پشاور میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے سید امداد حسین جعفری کو قتل کر دیا

واقعے کے خلاف اہل تشیع کے کارکنوں نے احتجاج کرکے لاش کو یکہ توت روڈ اور بعد میں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا

جمعہ 20 نومبر 2015 21:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 نومبر۔2015ء) صوبائی دارلحکومت پشاور میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے سید امداد حسین جعفری کو قتل کر دیا ،واقعے کے خلاف اہل تشیع کے کارکنوں نے احتجاج کرکے لاش کو یکہ توت روڈ اور بعد میں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرے کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کانظام درہم برہم ہوگیا ۔

نماز جمعہ سے قبل نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے رہنما سید امداد حسین جعفری پر فائرنگ کر دی، فائرنگ سے امداد حسین جعفری موقع پر ہی جاں بحق ہو ا، واقعے کے فورا بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، واقعے کے خلاف شیعہ کارکنوں نے لاش کو پہلے یکہ توت روڈ پر اور بعد میں جی ٹی روڈ پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین سے اظہار ہمدردی کے لیے آنے والے اے این پی کے رہنما میاں افتخار کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں حکومت بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امداد حسین جعفری کو جس نے بھی قتل کیا ہے ذمہ داری حکومت پرعائدہوتی ہے ۔ مظاہرین سے مذاکرات کے لیے ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹرمیاں سعیدبھی پہنچے ، ،انکاکہنا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزاد ی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ واردات کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا جس میں گیارہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، پولیس کی جانب سے یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کرکے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا، مظاہرین کے احتجاج اور جی ٹی روڈ کی بندش کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔۔