Live Updates

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی، عسکری قیادت اور پوری قوم ایک صفحے پر ہے‘شہباز شریف

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سکیورٹی اینڈ وارکورس کے شرکاء سے کلیدی خطاب

منگل 17 نومبر 2015 23:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 نومبر۔2015ء ) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی ، انتہا پسندی ، توانائی بحران اور معیشت کی بحالی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ،دہشت گردی اور توانائی بحران نے قومی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے ،ملک و قوم کی ترقی کے لئے دہشت گردی و انتہا پسندی کے عفریت کو ہر صورت شکست دینا ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں ، پچاس ہزار پاکستانی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں ، دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں پاک افواج ، پولیس اور سیکورٹی اداروں ، سیاستدانوں، تاجروں ، ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں نے قربانی دی ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنا ہر پاکستانی کا عزم ہے ، پاک افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جرات و بہادری کی لا زوال داستان رقم کی ہے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیاسی، عسکری قیادت اور پوری قوم ایک صفحے پر ہے ،آرمی پبلک سکول پشاور میں دہشت گردوں نے قوم کے نونہالوں کا خون بہایا،پشاور میں قوم کے بچوں کے بہائے گئے لہوکے نتیجے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا،نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور ملک میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے - وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ایوان وزیر اعلی میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سکیورٹی اینڈ وارکورس کے شرکاء سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کیا-نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس کے وفد کی قیادت ایئرایڈمرل عدنان نذیر کر رہے تھے-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت برق رفتاری سے موثر اقدامات کئے گئے-لاؤڈ سپیکرکے ناجائز استعمال ، اشتعال انگیز تقاریر، منافرت پر مبنی لٹریچر کی تقسیم و اشاعت کے قوانین میں ترامیم کر کے انہیں مزید موثر بنایا گیا اور پنجاب میں جدیدتربیت سے آراستہ انسداد دہشت گردی فورس تشکیل دی گئی ہے جس کے انویسٹی گیشن ، آپریشنل اور انٹیلی جنس کے تین شعبے ہیں - انہوں نے کہا کہ لاہور میں جنوبی ایشیا کی جدید ترین فرانزک لیب بھی قائم کی گئی ہے اور شرپسند عناصر پر نظر رکھنے کے لئے کروڑوں روپے کی لاگت سے جدید بائیو میٹرک مشینیں منگوائی گئی ہیں - انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی طرح تعلیم ، صحت ، صنعت ، زراعت کی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے توانائی بحران کا خاتمہ بھی بے حد ضروری ہے - وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی سالوں میں توانا ئی بحران کے خاتمے کے لئے انتھک محنت کی گئی ہے اور پاکستان کی قیادت کی انتھک محنت کی بدولت 46 ارب ڈالر کا تاریخی سرمایہ کاری پیکیج حاصل کیا گیا ہے - چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے منصوبوں پر کی جارہی ہے - سی پیک کے تحت پنجاب سمیت سندھ ، بلوچستان اور پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے - سی پیک کے تحت توانائی منصوبوں کی تکمیل سے 6 ہزار میگا واٹ تک بجلی حاصل ہو گی-پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے توانائی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں - 2017ء کے آخر تک کئی ایک توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگا واٹ اضافی بجلی نیشنل گرڈمیں شامل ہو گی- گیس کی بنیاد پر توانائی کے منصوبوں میں قوم کے 110 ارب روپے بچائے گئے ہیں - شفافیت ، عزم اور قومی خدمت کے جذے کی ایسی مثال ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی - وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے سماجی و معاشی انصاف کی فراہمی بھی ضروری ہے - پنجاب حکومت نے اس سمت بھی موثر اور درست اقدامات کئے ہیں - عام آدمی کے طرز زندگی کو بدلے بغیر ترقی بے معنی ہے - پنجاب حکومت عام آدمی کو تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کر رہی ہے -پنجاب حکومت نے وسائل کا رخ غریب عوام کو سہولتوں کی فراہمی اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کی جانب موڑ دیا ہے - صاف پانی پراجیکٹ کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا گیا ہے - پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ذہین و مستحق طلباء و طالبات پر معیاری تعلیم کے دروازے کھلے ہیں - غریب ترین گھرانوں کے ایک لاکھ سے زائد ذہین بچوں کو تعلیمی وظائف دیئے جا چکے ہیں - پنجاب حکومت تعلیمی فنڈ میں ہر سال چار ارب روپے فراہم کر رہی ہے-انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے ‘آراستہ کر کے ترقی و خوشحالی کی منزل پا سکتے ہیں - پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے - سال 2018ء تک 20 لاکھ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے - ملک کی تیز رفتار ترقی کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ماڈل کو فروغ دینے کی ضرورت ہے - نجی شعبہ کی شراکت کے بغیر ترقیاتی اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے - پنجاب حکومت نے صوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیا ہے - پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور و ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے -مظفر گڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ طیب اردگان ہسپتال اس ماڈل کی اعلی مثال ہے - وزیر اعلی نے کورس کے شرکاء کے سوالات کے جواب میں کہا کہ کرپشن کی کوئی شکایت سامنے آئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے - پنجاب حکومت نے صوبے میں شفافیت اور اعلی معیار کے ساتھ منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے اور میرٹ کو فروغ دیا ہے - گزشتہ آٹھ برس کے دوران پولیس اور اساتذہ کی لاکھوں آسامیوں پر صرف اور صرف میرٹ پر بھرتی کی گئی ہے - ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے لئے بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم مہذب معاشروں کی پہچان ہوتا ہے - یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے میٹروبس سسٹم جیسے شاہکار کھڑے کئے ہیں جس سے عام آدمی باوقار انداز میں سفر کرنے میں فخر محسوس کرتا ہے اور اس کے وقت کی بھی بچت ہوتی ہے - انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لئے بھی اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے تا ہم اس ضمن میں ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے- ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پولیس کے نظام پر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے - تھانہ کلچر کو بدلنے کے لئے اصلاحات کی جا رہی ہیں - ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب کا بے لاگ احتساب ہونا چاہیے اور احتساب کے نظام میں کمزوری سے مسائل نے جنم لیا ہے - میں سمجھتاہوں کہ جوں جوں جمہوری نظام تقویت پکڑے گا احتساب کا عمل بھی مضبوط ہو گا -اچھی طرز حکمرانی کے لئے بھی احتساب ضروری ہے -بلدیاتی الیکشن کے نتیجہ میں عوام کے مسائل ان کے منتخب نمائندے ان کی دہلیز پر حل کریں گے اور عوامی خدمت کرنے والے ہی آگے آئیں گے -احتساب ہو گا تو معاشرے میں نظم و ضبط آئے گا -انہوں نے کہا کہ اگرچہ کالا باغ ڈیم معیشت کے لئے ضروری ہے تا ہم یہ منصوبہ پاکستان کی تمام اکائیوں کے اتفاق رائے کے بغیر نہیں بننا چاہیے تا کہ قومی وحدت کونقصان نہ پہنچے -انہوں نے کہا کہ اگر ہم عزم اور پختہ ارادے کے ساتھ انتھک محنت کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل نہ کر سکے -نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آبادکے نیشنل سیکورٹی اور وار کورس کے شرکاء کے وفد کے سربراہ ریئرایڈمرل عدنان نذیر نے کورس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی -چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے کورس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا-چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے پنجاب حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی ، پنجاب میں ترقیاتی سرگرمیوں ، روزگار اور سرمایہ کاری میں اضافے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی -ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی نے پنجاب میں جاری توانائی منصوبوں بارے آگاہ کیا-سیکرٹری داخلہ نے امن و امان کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی-صوبائی وزراء، معاونین خصوصی ، مشیران ، اراکین اسمبلی ، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :