اسلام آباد ،یونین کونسل 15 پی ڈبلیو ڈی لوہی بھیر میں مسلح افراد کا انتخابی دفترپر دھاوا ، توڑپھوڑ ،کارکنوں کو ہراساں کیا ،پولیس منہ تکتی رہ گئی

پیر 16 نومبر 2015 23:15

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 نومبر۔2015ء ) اسلام آبادکی یونین کونسل 15 پی ڈبلیو ڈی لوہی بھیر میں مسلح افراد نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے سوسائٹی اتحاد پینل کے مرکزی الیکشن آفس پر دھاوا بول کر توڑپھوڑ کی اور دفتر میں موجود کارکنوں کو ہراساں کیا تاہم پولیس منہ تکتی رہ گئی ۔ پیر کی اسلام آباد کی یونین کونسل 15لوہی بھیر میں مسلح افراد نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے سوسائٹی اتحاد پینل کے مرکزی الیکشن آفس جو کہ پی ڈبلیو ڈی میں واقع ہے پر حملہ کردیا جبکہ اس موقع پر پولیس بھی موجود تھی۔

ذرائع کے مطابق اس دوارن مسلح افراد نے دفتر کے اندر توڑ پھوڑ کی اور یہاں موجود کارکنوں کو زدوکوب کیا جبکہ اس موقع پر وہاں موجود پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔

(جاری ہے)

سوسائٹی اتحاد پینل کے کونسلر کے لیے امیدوار سعید بیگ نے الزام عائد کیا ہے کہ مخالفین سوسائٹی اتحاد پینل کی عوام میں بڑھتی ہوئی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئیں ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقہ کی عوام ان کا ساتھ دے رہے ہیں ۔ اور ان کا سیاست میں قدم رکھنے کا مقصد بھی عوام کی خدمت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں اور وہ اپنا کام جاری رکھیں گے ۔سعید بیگ نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصرکو گرفتار کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :