ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے حکومت کی نہیں در اصل ملک اور قوم کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں ‘وزیر اعظم نواز شریف

پیر 16 نومبر 2015 14:19

ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے حکومت کی نہیں در اصل ملک اور قوم کی ٹانگیں ..

گوجرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 نومبر۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے حکومت کی نہیں در اصل ملک اور قوم کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں ‘ موجودہ ملکی حالات میں خوشحالی میں رکاوٹیں ڈالنے والی سیاست زیب نہیں دیتی ‘ سب اکٹھے ہو کر پہلے ملک کو خوشحال بنائیں پھر تھوڑا بہت کھیل تماشا کر لیں ‘ کراچی کی روشنیاں بحال ہو رہی ہیں، دبئی والے پاکستان آ رہے ہیں ‘موٹر وے قومی اثاثہ ہے ‘ حفاظت تمام حکومتوں کی ذمہ داری ہے ‘ موٹر وے اور اقتصادی راہداری کی تکمیل سے ملکی معیشت میں انقلاب آئے گا اور تعمیر و ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی ۔

وہ پیر کو یہاں موٹروے ایم 4 سیکشن کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ ،چینی کمپنیوں کے انجینئرز ، این ایچ اے کے اعلیٰ حکام ، کمشنر ، آر پی او فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، جھنگ اور ڈویژن کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، ڈی سی او و ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ و جھنگ ، مختلف اداروں کے ضلعی سربراہان ، مسلم لیگ (ن) کے اہم مقامی پارٹی رہنما اور مختلف مکاتب فکر کے سرکردہ افراد بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں آج اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے پر بہت خوشی ہو رہی ہے اور اس کی تعمیر سے لاکھوں افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرہ سے شورکوٹ موٹروے کی تعمیر کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جسے جلد از جلد مکمل کیا جائے گا ‘ گوجرہ سے شورکوٹ اور شورکوٹ سے خانیوال سیکشن پر دونوں اطراف باڑ لگائی جائے گی تاکہ کوئی جانور سڑک پر نہ آ سکے۔

گوجرہ شورکوٹ سیکشن کی لاگت کیلئے 21 ارب روپے تخمینہ لگایا گیا تاہم یہ منصوبہ 17 ارب روپے میں مکمل ہو گا، اس طرح منصوبے سے 4 ارب روپے بچا کر قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔ اسی طرح ایک ایک پاور پراجیکٹ پر قوم کے اربوں روپے بچائے، تین پاور پراجیکٹ پر قوم کے 110 ارب روپے بچائے ہیں۔وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ خانیوال سے ملتان تک موٹروے کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جس کا جلد ہی افتتاح کیا جائے گا جبکہ کراچی سے لاہور موٹروے، جو ملکی تاریخ کا بڑا منصوبہ ہے، کا آغاز کیا جا چکا ہے اور 6 رویہ سڑک زیر تعمیر ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ موٹروے ایک قومی اثاثہ ہے جس کی حفاظت تمام حکومتوں کی ذمہ داری ہے تاہم گزشتہ 15 سال موٹروے پر کسی نے توجہ نہ دی، اس کی مرمت کا جو کام آج ہو رہام ہے وہ پانچ سات سال پہلے ہو جانا چاہئے تھا ۔ ہم نے دوبارہ اقتدار میں آ کر موٹروے کو بچا لیا ہے اور اگر اس کی مرمت نہ کی جاتی تو یہ اور تباہ ہوجاتی۔وزیراعظم نے کہا کہ فیصل آباد ، گوجرہ سیکشن کے درمیان اعلیٰ معیار کی سڑک تعمیر کی گئی، جگہ جگہ موٹرے کا نیٹ ورک ہو تو معیشت تیزی سے ترقی کر سکتی ہے اور پاکستان کے علاقوں کے ایک دوسرے کے برابر آنے کیلئے بھی سڑکوں کا جال ضروری ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ حکومت کیلئے ملکی ترقی پہلی ترجیح ہے اور اس کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ حکومت نے دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے خطیر رقم دی تو وزیرستان کے افراد کی بحالی کیلئے بھی اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ زلزلہ متاثرین پر بھی رقم خرچ کی اور کاشتکار کی بہتری اور بحالی کیلئے 341 ارب روپے مختص کئے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ موٹر وے اور اقتصادی راہداری کی تکمیل سے ملکی معیشت میں انقلاب آئے گا اور تعمیر و ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے جنوبی بندرگاہوں سے شمالی علاقوں تک تیز رفتار اور محفوظ رابطوں سمیت خطے میں مربوط تجارتی سرگرمیوں سے عوام کیلئے بہتر معاشی مواقع دستیاب ہو ں گے اور ملک بھر میں ٹریفک کے بہترین و جدید نظام سے بھی ہم آہنگی ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں خوشحالی کی نوید ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے لوگوں کے دل ملتے ہیں اور جب لوگ قریب آئیں گے تو محبتیں بڑھیں گی اور نفرتیں کم ہوں گی۔

دوریاں ختم ہونے سے ملک میں خوشحالی آئے گی، بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا، مجموعی ملکی پیداوار کی شرح میں اضافہ ہوگا اور برآمدات بھی بڑھائی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں تاہم ہم انتہائی دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ وسائل خرچ کر رہے ہیں۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہم نے وافر وسائل فراہم کئے ہیں، وزیرستان کے متاثرین کو اپنے گھروں میں واپس بحال کیا ہے۔

زلزلہ متاثرین کی بھی مدد کی جا رہی ہے۔ کسانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے موجودہ حکومت نے 341 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے جبکہ گنے اور کپاس کے کاشتکاروں کے نقصان کے ازالہ کے لئے 40 ارب روپے کا پیکیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان خوشحال ہوگا تو زرعی شعبہ ترقی کرے گا۔ پاکستان کو بجلی کی قلت کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لئے نئے بجلی گھر لگائے جا رہے ہیں اور 2018ء میں لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاتمہ ہو جائے گا۔

موجودہ حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کے نتیجہ میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں واضح کمی آئی ہے حالانکہ اس سے پہلے 18، 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ترقی کے ایجنڈے کی ہر کسی کو حمایت کرنی چاہئے۔ ہمارے ہمسایہ ممالک جو پہلے ہمارے برابر ہوا کرتے تھے، آج ہم سے کئی گنا آگے بڑھ گئے ہیں، ہم سب کا ایجنڈا پاکستان کی ترقی اور سربلندی ہونا چاہئے، ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگاانہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کی بجائے ایک ایجنڈے سپورٹ کرنا چاہئے جو پاکستان کی ترقی اور سربلندی کا ایجنڈا ہے کیونکہ کسی کے پاس علیحدہ ایجنڈا رکھنے کی گنجائش نہیں، ٹانگیں کھینچنے والے حکومت کی نہیں بلکہ ملک کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک کی برآمد 250 ارب ڈالر سے بڑھ چکی ہیں تاہم ہماری برآمد صرف 22 سے 24 ارب ڈالر کی ہیں ۔ پاک چین راہداری منصوبے کو تنازع نہ بنایا جائے کیونکہ اسی منصوبے کی تکمیل سے آپ اپنی برآمد پوری دنیا میں بھیج سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو منزل مقصد تک پہنچانے کیلئے دیانتداری سے کردار ادا کرنا چاہئے، موٹرویز، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں بھی بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کی روشنیاں بحال ہو رہی ہیں، دبئی والے پاکستان آ رہے ہیں، پاکستان مشکلات سے نکل جائے تو سیاست کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ہی کراچی کی رونقیں اور روشنیاں بحال ہو رہی ہیں۔ پہلے کاروباری حضرات کی ملاقاتیں دوبئی میں ہوا کرتی تھیں اب وہی ملاقاتیں کراچی میں ہو رہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی راہداری میں 46 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ملکی تاریخ میں پہلے مثال نہیں ملتی۔

اس طرح کے منصوبوں کے راستے میں رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہئیں۔ گوادر میں جدید ترین بین الاقوامی بندرگاہ اور ایئرپورٹ تعمیر ہو رہے ہیں۔ بلوچستان میں سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، اگلے چند سال میں اسی طرح کے اقدامات سے ہم اپنی برآمدات کو دوگنا کر سکتے ہیں۔ ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی اب کوئی گنجائش نہیں ہے، ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی بجائے اس کی حمایت کی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ تاجکستان کے صدر کے ساتھ ملاقات میں ہم نے مواصلاتی رابطوں کے فروغ پر بات کی ہے اور پاکستان اور خطے کو وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ ملانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہزارہ موٹر وے منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، اسے خنجراب اور کاشغر کے ذریعے چین کے ساتھ ملایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست ہو رہی ہے، پاکستان کو منزل مقصود تک پہنچانے کے لئے ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پنجاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، کھیت سے منڈی تک سڑکوں کی تعمیر ان کا ایک بڑا منصوبہ ہے، اس کو جلد سے جلد مکمل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اب بلدیاتی ادارے بھی وجود میں آ رہے ہیں اور پاکستان کی ترقی میں بلدیاتی نمائندے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :