مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے،حاجی نعیم صفدر انصاری

ہفتہ 14 نومبر 2015 11:47

قصور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 نومبر۔2015ء)مسلم لیگ(ن) کی حکومت وعدوں کے بجائے عملی کاموں پر یقین رکھتی ہے اور حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بہتر ہورہی ہے‘غیرملکی سرمایہ کاروں کا حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد بڑھا ہے‘معاشی آزادی کے بغیر حقیقی آزادی کا تصور ادھورا ہے‘مضبوط معیشت سے قومیں مضبوط ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری نے اپنے ڈیرہ پر ”اے پی پی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے بھرپور مثبت اقدامات کررہی ہے‘ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے شب وروز عوام کی خدمت کیلئے وقف کررکھے ہیں یہی وجہ ہے کہ میاں برادران پاکستان کے باشعور عوام کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں۔انہوں نے مزیدکہا کہ میاں برادران حق و سچ پر ڈٹ جانے والے غریب عوام کے حقوق کی بات کرنیوالے عظیم لیڈر ہیں ان کا مشن ملک وقوم کی فلاح و بہبود ‘ترقی وخوشحالی‘ بقاء ‘سا لمیت اور مضبوطی و استحکام کیلئے کام کرناہے۔