فلسطینی تحریک انتفاضہ کا ساتواں جمعہ، ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے

اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں کے نتیجے میں 2فلسطینی شہید، 200 سے زائد زخمی ہوگئے

ہفتہ 14 نومبر 2015 11:14

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 نومبر۔2015ء) فلسطین میں اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں گزشتہ روز مزید دو فلسطینی نوجوان شہید اور کم سے کم 205 شہری زخمی ہوگئے۔ حماس کی اپیل پر جمعہ کے روز ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا تھا۔نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد بڑی تعداد میں شہریوں نے سڑکوں پر نکل کر اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف مظاہرے کئے۔

اطلاعات کے مطابق امدادی ادارے ہلال احمر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف مقامات میں ہونیوالے مظاہروں پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید اور کم سے کم 205 زخمی ہوئے ہیں۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ صہیونی فوج کی براہ راست فائرنگ سے 34 فلسطینی زخمی ہوئے، 39 مظاہرین کو دھاتی گولیوں سے نشانہ بنایا گیا اور 131 شہری آنسو گیس کی شیلنگ سے زخمی ہونے کے بعد ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کے نتیجے میں مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں 21 سالہ حسن جہاد البو شہید ہوگیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہید نوجوان البو القدس اوپن یونیورسٹی کا طالبعلم تھا۔ اسے الخلیل کے شمال میں واقع راس الجورہ کالونی میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران گولی ماری گئی۔ گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہونے کے بعد اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعدجام شہادت نوش کرگیا۔

فائرنگ سے ایک 50 سالہ شہری محمود عاید شلالدہ کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت بدستور خطرے میں بتائی جاتی ہے۔ رام اللہ میں بدرس کے مقام پر ایک جلوس پراسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 22 سالہ لافی یوسف عوض جام شہادت نوش کرگیا۔مقامی طبی ذرائع نے بتایا کہ مظاہرے کے دوران اسرائیلی فوجیوں کی گولیاں لگنے سے زخمی ہونے والا نوجوان یوسف عوض کچھ دیر ہسپتال میں رہا مگربہت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔رام اللہ کے علاوہ مغربی کنارے کے دوسرے شہروں قلقیلیہ، بیت لحم،، جنین اور دوسرے مقامات پر بھی اسرائیلی فوجیوں نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں درجنوں شہری زخمی ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :