Live Updates

ملک میں بلدیاتی انتخابات تحریک انصاف کی جدوجہد اور دباؤ کے نتیجے میں ہو رہے ہیں، عمران خان

ہاریوں اور کسانوں کی زندگی کو اجیرن بنانے میں شوگر مافیا کے سرغنہ آصف زرداری کا سب سے بڑا ہاتھ ہے، کراچی ایئرپورٹ پر پریس کانفرنس

جمعہ 13 نومبر 2015 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں بلدیاتی انتخابات تحریک انصاف کی جدوجہد اور دباؤ کے نتیجے میں ہو رہے ہیں۔بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہیں پیپلز پارٹی عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔سندھ کے لوگ بھی تبدیلی کے لئے تیار ہیں۔ جس طرح پنجاب کا کسان اور مزدور طبقہ دو وقت کی روٹی کمانے کے لئے پریشان ہے اس سے زیادہ سندھ کے ہاری اور مزدور طبقہ آصف علی زرداری کی کرپشن اور لوٹ مارسے زیادہ متاثر ہے۔

شوگر مافیا میں سب سے زیادہ حصہ آصف علی زرداری کا ہے اور ہاریوں اور کسانوں کی زندگی کو اجیرن بنانے میں شوگر مافیا کے سرغنہ آصف علی زرداری کا سب سے بڑا ہاتھ ہے۔

(جاری ہے)

ان شوگر مافیا کی دادا گیری اور بد معاشی سے کسان اور ہاری معاشی طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن بلدیاتی انتخابات کے موقع پر بے تحاشہ ترقیاتی فنڈ لگا رہے ہیں جو پری پول رگنگ کے زمرے میں آتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں۔

پی پی اور نون لیگ اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹی ایف آئی آر قائم کر کے بلدیاتی انتخابات جیتنے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کو دیوار سے لگانا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اندرون سندھ کے دو روزہ دورے سے واپسی کے موقع پر کراچی ایئر پور ٹ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی،علی زیدی ، عمران اسماعیل، فردوس شمیم نقوی، ثمر علی خان،فیصل واوڈا، عزیز آفریدی ،خرم شیر زمان،دوا خان صابراور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

عمران خان نے کہا کہ مون گارڈ ن میں رہائشی لوگوں کو در بدر کرنا ظلم اور زیادتی کی انتہا ہے۔ مون گارڈن کے پروجیکٹ کو بنانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی ہونی چاہئے۔تحریک انصاف چیف جسٹس آف پاکستان سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ مون گارڈن کے اشو پر از خود نوٹس لیا جائے اور ان پراجیکٹ میں150سے زائد غریب خاندانوں کو فوری اور سستا انصاف ملنا چاہئے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو احتجاج کریں گے۔ جب تک انتخابی اصلاحات نہیں ہونگی تب تک شفاف انتخابات نہیں ہو سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن کو با اختیارہونا چاہیے۔محنت کسان کرتا ہے اور فائدہ وڈیرے اٹھاتے ہیں سندھ میں عوام کسمپرسی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت مسائل حل نہیں کر سکی،سندھ میں زرداری اور وڈیروں کے پاس شوگر ملیں ہیں دوسری جانب کسان بھوک و افلاس کا شکار ہیں۔

کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے،کراچی میں چائنہ کٹنگ میں سیاسی جماعتیں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔سندھ میں گورننس نہیں ہے پیپلز پارٹی عوام کے مسائل کے حل میں ناکام ہو چکی ہے سندھ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں ،19 نومبر اور 5 دسمبر کو تبدیلی کے لئے عوام تحریک انصاف اور اس کی ناتحاد جماعتوں کو ووٹ دیں۔اس موقع پر کراچی ریجن کے آرگنائزر علی زیدی نے کہا ہے کہ آئند ہ ہفتے تحریک انصاف کی قیادت کراچی شہر کے اہم مسائل کے حل کے لئے ایک جامع اور مربوط بلدیاتی منشور پیش کریں گے۔

کراچی جس مسائل کا شکار ہے جس میں پانی، ٹرانسپورٹ کا نظام ، امن و امان، سیوریج اور صفائی ستھرائی اور دیگر اہم مسائل کے حل پیش کریں گے۔ تحریک انصاف کی سیاست کا مقصد عوامی خدمت ہے اور اس عوامی خدمت کے لئے تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کراچی کے مسائل کے حل کے لئے دیانت دار، ایماندار اور مخلص قیادت کی اشد ضرورت ہے۔

علی زیدی نے مزید کہا کہ کراچی کی انتخابی مہم کے سلسلے میں چیئر مین عمران خان آئندہ ہفتے سے دو دوزہ دورے پر کراچی آئیں گے اور کراچی کے مختلف اضلاع میں عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ کراچی کے شہر ی تبدیلی کے لئے تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ تحریک انصاف اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر شہر کراچی کے امن اور خوشحالی کے لئے عملی کردار ادا کریں گے اور انشاء اﷲ وہ دن دور نہیں کہ کراچی شہر میں ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور مفاد پرستوں کا خاتمہ ہوگا اور شہر میں انصاف کا سورج طلوع ہوگا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات