بے بی بلاول، نانا ، والدہ کی تصویریں لگا کراور لکھی تقریریں کوئی لیڈر نہیں بنتا، میرے پاس آؤتمہیں سکھاؤں پہلا اور دوسرا قدم کس طرح رکھنا ہے، عمران خان

زندگی میں بہت اونچ نیچ دیکھی ،2بار گرچکا ہوں ،اب گرنے کا خوف نہیں ، اب ہار بھی مجھے نہیں ہرا سکتی،سندھ کے لوگ غلامی کررہے ہیں انھیں کوئی حقوق حاصل نہیں، کرسی چھن جانے کے ڈر سے ظالم صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے، ماتلی میں جلسے سے خطاب

جمعہ 13 نومبر 2015 22:50

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بے بی بلاول اپنے نانا اور والدہ کی تصویریں لگا کر کوئی لیڈر نہیں بن جاتا، بلاول بیٹا میرے پاس آ میں تمھیں بتاں گا کہ لیڈر کیسے بنتے ہیں۔بدین کی تحصیل ماتلی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ سیاست کے لئے شہیدوں کے نام استعمال کرتے ہیں لیکن انہیں پتہ نہیں کہ نیا پاکستان بننے جارہا ہے جس میں نانا اور والدہ کی تصویریں لگا کر عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا اور کوئی یہ تصویریں لگا کر لیڈر نہیں بن جاتا،دنیا کی تاریخ میں جب بھی نظریہ مفادات کے ساتھ ٹکرایا ہمیشہ نظریہ ہی جیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری پیپلزپارٹی کے لیڈر ہیں تو لندن میں بیٹھ کر کیا کررہے ہیں، آصف زرداری کا نواز شریف کے ساتھ مک مکا ہے اور (ن) لیگ پیپلزپارٹ کے ساتھ ہے جب کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم اندر سے اکھٹے ہیں اور قوم کو ہمیشہ سندھی، پنجابی اور اردو بولنے والوں کے نام پرتقسیم کیا گیا، امیر طبقہ عوام کو لوٹ رہا ہے، ظالم اکھٹے ہیں اور مظلوم طبقے کو تقسیم کیا ہوا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اسپیکر کے انتخاب کے لئے ساری جماعتیں ایک طرف اور تحریک انصاف ایک طرف تھی جس طرح کرنل قذافی اور حسنی مبارک جیسے لوگ اپنے انجام کو پہنچے اس طرح ایک دن پاکستانی قوم بھی ظالموں کا احتساب کرے گی اور تحریک انصاف عوام کے ساتھ مل کر ان ظالموں کا مقابلہ کرے گی اورآخری دم تک ظالم کا مقابلہ کرتا رہوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں اندرون سندھ کے عوام سب سے زیادہ پسماندگی کی زندگی گزار رہے ہیں، سندھ کی یہ حالت ہے کہ کیا یہاں کوئی بڑا سیاستدان اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں پڑھائے گا یا سرکاری اسپتالوں میں اپنے بچوں کا علاج کرائے گا، سندھ میں بارش ہوتی ہے تو عوام تباہ ہوتے ہیں اور اگر بارش نہ ہوتو بارش نہ ہونے کی وجہ سے بھی عوام کو تباہی کا سامنا رہتا ہے۔

اس سے قبل عمرکوٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بلاول جمہوریت میں تقریرنہیں کرسکتے اور لکھ کر تقریر کرنے والا کبھی لیڈر نہیں بن سکتا یہ بادشاہت ہے اس لئے وہ تقریرکررہے ہیں۔ انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بیٹے تقریربعد میں کرنا پہلے اپنی تعلیم تو بتاؤ، لکھی ہوئی تقریر پڑھنے سے کوئی لیڈر نہیں بنتا، میرے پاس آ میں تمھیں بتاؤنگا کہ لیڈر کیسے بنتے ہیں، تمھیں سکھاؤنگا کہ پہلا اور دوسرا قدم کس طرح رکھنا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہرشخص کے اندر خوف ہوتا ہے، میرے اندر بھی خوف تھا لیکن میں نے اسے ختم کیا اور زندگی میں بہت اونچ نیچ دیکھی جب کہ 2 بار گرچکا ہوں اس لئے اب گرنے کا خوف نہیں اور کئی بار گر کر اٹھا ہوں، اب ہار بھی مجھے نہیں ہرا سکتی،عمران کے پاس اربوں ڈالرنہیں صرف ایک بڑا خواب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ غلامی کررہے ہیں انھیں کوئی حقوق حاصل نہیں، کرسی چھن جانے کے ڈر سے ظالم صاف اور شفاف الیکشن نہیں ہونے دیں گے، یہ کرسی نہیں چھوڑسکتے کیونکہ کرسی میں پیسا اور طاقت ہے اور کر سی کی وجہ سے ہی یہ ظلم کرتے ہیں، کرسی کی وجہ سے کمزور لوگوں کو انتظامیہ اور پولیس کی مدد سے غلام رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ عمران خان ان دنوں بلدیاتی انتخابات کی مہم کے سلسلے میں دو روز کے لئے سندھ کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز بھی انہوں نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ آخری سانس تک مافیا کے خلاف لڑتا رہوں گا۔

متعلقہ عنوان :