حکمرانوں کی بیڈ گورننس پر عوام فوج اور عدلیہ بھی دلبرداشتہ ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

جمعہ 13 نومبر 2015 22:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) بانی تحریک مہاجر صوبہ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی بیڈ گورننس پر عوام ، فوج اور عدلیہ سمیت تمام ادارے پریشان ہیں ، وفاقی اور صوبائی حکومت جمہوریت کے نام پر لوٹ مار ، کرپشن ، جرائم پیشہ افراد، ٹارگٹ کلرز، بھتہ خوروں کی سرپرستی کررہی ہے جس کے باعث آپریشن ضرب عضب میں دی جانے والی قربانیوں کے ثمرات ضائع ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرکز میں مسلم لیگ (ن)اور صوبے میں پیپلزپارٹی کی حکومتوں کی لوٹ مار عروج پر پہنچ گئی ہے ۔ عوام کو ان کے حقوق دینے کے بجائے حکمران جمہوریت کے پردے کے پیچھے چھپنے کی کوشش کررہے ہیں جس سے عوام کا جمہوریت پر سے اعتماد متزلزل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر اب بھی عوام نے ان کرپٹ حکمرانوں ، بھتہ خوروں ، ٹارگٹ کلرز ، چائنا کٹنگ میں ملوث بدمعاشوں کا احتساب نہیں کیا اور انہیں اسی طرح لوٹ مار کی اجازت دی جاتی رہی تو پھر بالعمول پاکستان اور بالخصوص سندھ میں عوام کو غلامی ، پستی ، تنگ دسی اور بدحالی سے کوئی نہیں روک سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاک فوج کی جانب سے آپریشن ضرب عضب اور کرپٹ اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کئے جانے والے آپریشن کے بعد عوام کو بہتری کی امید ہوچلی ہے لیکن سیاست کے نام پر مفاد پرست اور موقع پرست عناصر عوام کو ایک مرتبہ پھر بیوقوف بناکر اپنی لوٹ مار کے کاروبار کو فروغ دے رہے ہیں ۔ اگر یہی صورتحال رہی تو پھر نہ صرف عوام جمہوریت سے دلبرداشتہ ہوجائیں گے بلکہ ووٹ کا تقدس بھی پامال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج جو پاکستان کے عوام کی امیدوں کا مرکز اور محور ہے ۔ دہشت گردوں کے خلاف کئے جانے والے آپریشن میں پاکستان کے عوام اور بالخصوص سندھ کے مہاجر عوام کی تمام ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔

متعلقہ عنوان :