حقوق اہلسنّت حنفی بریلوی کے حصول کی جدوجہد کررہے ہیں،محمدسلیم قادری

جمعہ 13 نومبر 2015 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء)اہلسنّت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اکابرین اور میلادشریف کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات وشخصیات پر مشتمل مرکزی میلادالائنس پاکستان کے بانی وچیف آرگنائزر، مرکزی انجمن سیرت النبی ؐگلبہارکے چیئرمین اورممتازقومی وسماجی رہنمامحمدسلیم خان قادری ترابی نے ایک بارپھر واضح کیاہے کہ مرکزی میلادالائنس پاکستان مکمل طورپر غیر جانبداروغیر سیاسی اورغیر انتخابی ادارہ ہے، میلادالائنس پاکستان کے ذمہ داران کو بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی ومذہبی جماعتیں اور امیدوار مجبور کر رہے ہیں کہ ہماری حمایت کا اعلان کریں،لیکن ہم پہلے بھی کئی بارواضح کرچکے ہیں کہ میلادالائنس پاکستان کے قیام کا مقصد حقوق اہلسنّت حنفی بریلوی کو حاصل کرناہے،اقتدارکی منزلیں طے کرناہمارامطمع نظر نہیں ہے،انتخابات میں میں کوئی کامیاب ہویاناکام ہمیں اس سے کوئی غرض نہیں ،البتہ ہماری خواہش ہے کہ یارسول اﷲ ؐکے نعروں سے ہمارے منتخب ایوان گونجنے لگیں،ہر طرف یاغوث پاک مدد کی صدائیں بلند کرنے والے ہوں اور انشاء اﷲ وہ وقت ضرورآئے گا جب اس ملک میں اہلسنّت حنفی بریلوی عوام کا راج ہوگا۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے اپنے ساتھیوں جمعیت علماء پاکستان کے محمدشکیل قاسمی،مرکزی گلبہارنعت کونسل پاکستان ٹرسٹ کے بانی حاجی قمر خاں رحمانی،پاکستان اسلامک فورم کے ناصرحسین خان،فیضان شہزاد، محمدآصف خاں نقشبندی ودیگر کے ہمراہ نارتھ کراچی میں مولانامحمدعثمان غوری کی قیادت میں آئے ہوئے بلدیاتی امیدواروں کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔

وفد میں محمدرفیق قادری ، عبدالوحیدیونس، حاجی مرزامحمدمبین بیگ، سید عمیر سمیع شاہ،سید برکت ایڈوکیٹ ،الحاج سید محمدہارون،محمدرشید، عبدالغفار، سید شاہجہان شاہ ودیگر شامل تھے۔ محمدسلیم خان قادری ترابی نے کہاکہ مرکزی میلادالائنس پاکستان کے قائدین اس سلسلے میں شب وروز جدوجہد کررہے ہیں ،ہم غنڈہ گردی،بدمعاشی اور اسلحے سے پاک معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں اور میلادشریف کا اہتمام کرنے والی تنظیمات وشخصیات اور سول وپولیس انتظامیہ کے درمیان باہمی رابطہ و تعلقات قائم کرنے کی طرف گامزن ہیں اور بغور اہلسنّت حنفی بریلوی مسائل کا مشاہدہ کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ ہم قائدین واکابرین کو آگاہی فراہم کررہے ہیں اور ملک گیر سطح پر ایک ایسااتحادچاہتے ہیں جس سے اہلسنّت حنفی بریلوی عوام کے خلاف ہونے والی سازشوں کی بیخ کنی کی جاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ ہم تمام سیاسی وسماجی اکابرین سے اپیل کرتے رہے ہیں کہ وہ پاکستان کی غالب اکثریت کا خیال رکھتے ہوئے انتخابی میدان میں امیدوار اتاریں مگر ہماری بات کسی کی سمجھ میں نہیں آرہی ہے،ہم اس بات کی نشاندہی کرتے رہے ہیں کہ نوجوانان اہلسنّت حنفی بریلوی کے جذبات کو قابومیں رکھنامشکل تر ہوتاجارہاہے، ابھی اکابرین اہلسنّت حنفی بریلوی صبروتحمل کا درس دے رہے ہیں ،خیبر پی کے، بلوچستان جبکہ پنجاب اور سندھ کے چند اضلاع کے بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل میں مرکزی میلادالائنس پاکستان کے اکابرین نے مکمل غیر جانبداری کا مظاہرہ کیاہے اور کسی قسم کے تبصرے سے گریز کیاہے، لیکن ہم نے انتخابات کے تمام معاملات پر کڑی نگاہ رکھی ہے اور ہر جماعت کی کارکردگی کا جائزہ لیاہے حتیٰ کہ اہلسنّت حنفی بریلوی جماعتوں کی کارکردگی کو بھی پرکھ رہے ہیں ،بلدیاتی انتخابات کے بعدساری صورتحال عوام اہلسنّت حنفی بریلوی کے سامنے پیش کریں گے۔

انہوں نے عوام اہلسنّت حنفی بریلوی سے اپیل کی کہ وہ اپناووت صرف اور صرف اہلسنّت حنفی بریلوی امیدواروں کے حق میں استعمال کریں کیونکہ تمام ترکوششوں کے باوجود عوام اہلسنّت حنفی بریلوی لاتعداد مسائل ومصائب کے شکارہیں ،سرکاری اسکولوں ،کالجز ،یونیورسٹیزاور ہسپتالوں میں ہماری کوئی شنوائی نہیں ہے،سرکاری اداروں میں معمولی معمولی کاموں کے لئے اہلسنّت حنفی بریلوی عوام کو طرح طرح کی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرناپڑتاہے،ڈومیسائل ،پی آرسی، قومی شناختی کارڈاور پاسپورٹ بنوانے میں تودشواریوں کا سامناتھاہی پیدائش واموات کے سرٹیفکیٹس کے حصول کے لئے بھی کئی کئی مہینے چکر لگوائے جاتے ہیں اورغیر ضروری چیزیں مانگ کر تنگ کیاجاتاہے۔

انہوں نے کہاکہ افسوس تو اس بات کاہے کہ قبرستان میں بھی ہمارے ساتھ ناانصافی کی جاتی ہے ، قبر کی تیاری میں ہزاروں روپے کا مطالبہ کیاجاتاہے۔ Kالیکٹرک وگیس کمپنی میں بھی اہلسنّت حنفی بریلوی عوام کو دھکے ہی ملتے ہیں،چھوٹے چھوٹے گھروں میں کئی کئی ہزارروپے بل ارسال اور وصول کئے جاتے ہیں،گیس کمپنی معمولی معمولی شکایات کے ازالے کے لئے بھی رقم وصول کرلیتی ہے،ہرادارے کی الگ الگ داستان ہے ، اس ملک کی سیاسی قیادت سے کوئی خیر کی توقع نہیں ہے،اس لئے ہم چاہتے ہیں کہ عوام اہلسنّت حنفی بریلوی اپنے مسائل کے حل کے لئے ازخودمیدان میں نکلیں ،پاکستان کی مسلح افواج سمیت پولیس اور قانون نافذکرنے والے تمام اداروں کے ساتھ تعاون کو مزیدمستحکم کریں اور اپنے علاقے میں اہلسنّت حنفی بریلوی قیادت کو فعال کریں ،اہلسنّت حنفی بریلوی نوجوانوں میں خوف خدابھی ہے اور عشق مصطفےٰ ؐ بھی ہے، خدمت خلق کے لئے بھی تیارہیں۔

انہوں نے کہاکہ اب بالائی سطح پر دیکھنے کے بجائے اپنے قرب وجوار کی طرف دیکھاجائے،اعلیٰ قیادت پر امیدرکھنے کے بجائے خودکچھ کرنے کا وقت آگیاہے،مرکزی میلاد الائنس پاکستان ہر گلی کوچے میں اہلسنّت حنفی بریلوی قیادت کی تربیت کررہاہے، ہم بہت جلد اس ملک کو دیانتدار محنتی اور مخلص قیادت فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں،مایوس ہرگزنہیں ہیں انشاء اﷲ حضورنبی کریم حضرت محمدمصطفےٰ ؐ کے غلاموں کو فتح ونصرت ہوگی، حضورغوث پاک ؓ پیران پیر دستگیر حضرت شیخ عبدالقادرجیلانی ؓ کے صدقے میں اہلسنّت حنفی بریلوی راج ہوگااور پاکستان ترقی خوشحالی اور وطن عزیزامن وامان کا گہواراہوگا۔