گمشدہ بچے کو والدین کے حوالے کرنے والے وارڈن کیلئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ کا اعلان

جمعہ 13 نومبر 2015 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء)چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک سیکٹر کینٹ کے وارڈن نے میڈیکل چوک کینٹ سے ملنے والے پتوکی کے گمشدہ بچے محمد عباس کواسکے والد کے سپردکر دیا ،دوران ڈیوٹی فرض شناسی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر ٹریفک وارڈن صغیر کیلئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کی مدد اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کا رلا رہی ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک سیکٹر کینٹ میں تعینات وارڈن صغیرکو دوران ڈیوٹی میڈیکل چوک کے قریب ایک روتا ہوا بچہ نظر آیا جس نے دریافت کرنے پر بتایا کہ اس کا نام محمد عباس ولد محمد اقبال ہے اور وہ بھیڑ وال پتوکی کا رہائشی ہے ۔ وہ اپنے ماموں کے ہمراہ لاہو ر آیا ہے اور بچھڑ کر گم گیا ہے۔ٹریفک وارڈن صغیر نے افسران کو آگاہ کرتے ہوئے گمشدہ بچے کے گھر رابطہ کیا جس کے بعد عباس کو اسکے والدمحمد اقبال کے حوالے کر دیا گیا ۔سی ٹی او نے فرض شناسی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے وارڈن کیلئے نقد انعام اور سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا ہے۔