فیصل آباد کی میئر شپ میں تاجروں کو نمائندگی دی جائے، تاکہ تاجر طبقہ کے مسائل حل ہوسکیں،عباس حیدر شیخ

جمعہ 13 نومبر 2015 22:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) مندر گلی نمبر2کے صدر اور جنرل سیکرٹری سٹی کلاتھ بورڈ رجسٹرڈ عباس حیدر شیخ نے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد کی میئر شپ اور ڈپٹی میئر کیلئے تاجروں کو نمائندگی دی جائے تاکہ تاجر طبقہ کے بڑھتے ہوئے مسائل حل ہوسکیں ‘ فیصل آباد کی تاجر برادری وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کرتی ہے کہ محمد امین بٹ کو میئر کیلئے نامزد کیا جائے کیونکہ محمد امین بٹ کا شمار شہر کے ایسے سیاستدانوں میں ہوتا ہے جن کا دامن کرپشن سے صاف ہے اور انہوں نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے جبکہ عوامی مسائل کے حل اور تاجر کاز کیلئے بھی موصوف کی خدمات کو کسی طرح بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔

محمد امین بٹ پر اہل علاقہ سٹی کونسل نمبر 1 کا اعتماد ہی ان کی کامیابی کی دلیل ہے ‘ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ موصوف کی خدمات کے پیش نظر انہیں فیصل آباد سٹی کی میئر شپ کے لئے نامزد کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ CC-1 سے معروف تاجر رہنما امین بٹ کی کامیابی کارکنوں اور تاجر برادری کی فتح ہے۔ امین بٹ نے حلقہ کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ CC-1 کے عوام نے امین بٹ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا۔

انہوں نے کہا کہ امین بٹ کی پارٹی اور عوامی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ انہوں نے ہر اچھے اور برے وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا اور کارکنوں کے حوصلے بنائے رکھے یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں عوام نے امین بٹ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا۔ ہم وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امین بٹ کی پارٹی خدمات اور کارکنوں کی آواز کو سنتے ہوئے انہیں ڈپٹی میئر نامزد کریں تاکہ کارکنوں کے حوصلے بلند ہوں۔

متعلقہ عنوان :